• صفحہ اول
  • اداریہ
  • امریکہ
  • مشرق وسطیٰ
  • یورپ
  • ایشیا
  • بلاگز
  • کالم
  • صفحہ اول
  • اداریہ
  • امریکہ
  • مشرق وسطیٰ
  • یورپ
  • ایشیا
  • بلاگز
  • کالم
تازہ ترین
فرانس⁦:⁩دو تہائی یہودی ملک چھوڑ سکتے ہیں آصف مرچنٹ کو⁦330⁩ماہ قید بلاول بھٹو کا انتباہ پانچ یورپی ممالک کا تارکینِ وطن کی روانڈا منتقلی کا منصوبہ ایرانی معیشت⁦25⁩فیصد سے زائد سکڑسکتی ہے لبنان کی مسیحی قیادت بحران کی زد میں فحاشی کا قانون یا سنسر شپ؟ مارکو روبیو کا فیڈرلسٹ سوسائٹی سے خطاب
فرانس⁦:⁩دو تہائی یہودی ملک چھوڑ سکتے ہیں آصف مرچنٹ کو⁦330⁩ماہ قید بلاول بھٹو کا انتباہ پانچ یورپی ممالک کا تارکینِ وطن کی روانڈا منتقلی کا منصوبہ ایرانی معیشت⁦25⁩فیصد سے زائد سکڑسکتی ہے لبنان کی مسیحی قیادت بحران کی زد میں فحاشی کا قانون یا سنسر شپ؟ مارکو روبیو کا فیڈرلسٹ سوسائٹی سے خطاب
Home » ایجوکیشن سٹی کس قیمت پر؟
مضمون/کالم

ایجوکیشن سٹی کس قیمت پر؟

نیوز ایڈیٹرBy نیوز ایڈیٹرستمبر 19, 2026Updated:ستمبر 19, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔16 Mins Read
Share Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Reddit Telegram Email WhatsApp
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email WhatsApp
رائے

ایجوکیشن سٹی کس قیمت پر؟ کیا سرسبز و شاداب ملیر کنکریٹ کا جنگل بنے گا؟

سماجی کارکن اور صحافی سامی میمن نے خبردار کردیا

تحریر⁦:⁩اسحاق بلوچ

اسحاق بلوچ

پاکستان کے واحد میٹروپولیٹن شہر کراچی میں تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے ایجوکیشن سٹی کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی، اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ایک دہائی قبل اس اہم منصوبے کی دستاویز مکمل کر کے باضابطہ طور پر کراچی کے گرین بیلٹ ملیر اور گڈاپ میں اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے زمین حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم صوبائی حکومت نے یہ نہیں سوچا کہ کراچی کی سانس کی نالی کو بند کر کے تعلیم کو کس طرح فروغ دیا جا سکتا ہے، دوسری جانب ملیر کے باشندوں کی جدی پشتی اراضی کو کس قانون کے تحت اس منصوبے کے لیے حاصل کیا جا سکتا ہے، ایک طویل انتظار کے بعد اس سال حکومت نے ملیر میں تیزی سے اراضی پر قبضہ کرنا شروع کیا۔ ملیر کے قدیم باشندوں نے اس منصوبے کو معاشی اور ثقافتی قتل قرار دیا اور اس کی مزاحمت کی کوشش کی۔ یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ پہلے تو ملیر کے باشندے یہ سمجھتے رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں ان کے ساتھ ظلم نہیں ہوگا، لیکن اب ایسا نہیں ہے، حکومت بے دریغ زرعی زمینوں پر قبضہ کر رہی ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے ووٹروں کو بالکل فراموش کر دیا ہے اور متاثرین اپنی قوت کے مطابق میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

سماجی کارکن، سینئر صحافی، کالم نگار اور مصنف سامی میمن گزشتہ تین دہائیوں سے کراچی کے دیہی علاقوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کو ایجوکیشن سٹی کے منصوبے کے پسِ پشت تمام عوامل کا علم ہے۔ این وائی اردو نے ملیر کے اس سنجیدہ مسئلے کو سمجھنے کے سلسلے میں ان سے تفصیلی گفتگو کی۔ دیکھتے ہیں سامی میمن ہمیں اس حوالے سے کیا بتائیں گے۔ ان سے گفتگو کرنے سے قبل ہم اپنے قارئین کو سامی میمن کے سماجی اور صحافتی کردار کے حوالے سے آگاہی دیتے ہیں۔ سامی میمن گزشتہ پچیس سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے مختلف اداروں میں خدمات انجام دی ہیں۔

سامی میمن

سامی میمن کی صحافتی سرگرمیوں کا مرکز بالخصوص ملیر، کراچی اور سندھ کے عوامی، سماجی، سیاسی اور شہری مسائل رہے ہیں۔ وہ خبریں، مضامین اور کالم لکھنے کے ساتھ اسکرپٹ رائٹنگ، انٹرویوز اور اینکرنگ کا بھی تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں عوامی مسائل، محرومیوں، تعلیم، زمین، پانی، بنیادی سہولیات، شہری حقوق اور سندھ کے سماجی و سیاسی معاملات نمایاں موضوعات رہے ہیں۔ وہ صحافت کو محض روزگار کے بجائے عوامی مسائل اجاگر کرنے، عوام کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

سامی میمن عوامی پریس کلب ملیر کے بانی و سربراہ بھی ہیں، وہ ملیر کے مقامی مسائل اور عوامی معاملات کی مسلسل رپورٹنگ کرتے رہے ہیں۔ سامی میمن نے ایجوکیشن سٹی کے مسئلے پر کہا ملیر کی زمین صرف نقشے پر کھینچی ہوئی لکیروں، ریونیو ریکارڈ کے کھاتوں اور سرکاری فائلوں کا نام نہیں۔ یہ صدیوں سے آباد گوٹھوں، زرعی زمینوں، قبرستانوں، کھیتوں، درختوں اور ان لوگوں کی شناخت ہے جن کے بزرگوں نے اپنی زندگیاں اسی مٹی میں گزار دی ہیں۔ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی کامیابی کا معیار صرف یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کتنی زمین حاصل کی گئی، کتنی دیواریں گرائی گئیں یا کتنے ایکڑ کسی منصوبے میں شامل کیے گئے؛ اصل سوال یہ ہے کہ اس ترقی کی قیمت کون ادا کر رہا ہے؟

انہوں نے کہا ملیر میں ایجوکیشن سٹی کے نام پر زمین کے حصول کا معاملہ اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں انتظامی کارروائیوں، مقامی آبادی کے خدشات اور انسانی حقوق کے سوالات کو نظرانداز کرنا مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ سامی میمن نے حال ہی میں درسنہ چھنہ کے قریب فقیر محمد بلوچ گوٹھ اور ملحقہ زرعی فارمز میں پیش آنے والے ایک واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اس طرح زور زبردستی کی تو ملیر کا یہ پُرامن علاقہ مقامی انتظامیہ کے لیے ایک چیلنج بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فقیر محمد گوٹھ میں ایجوکیشن سٹی انتظامیہ نے ریونیو افسران اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کی کوشش کی، مقامی لوگوں کے شدید احتجاج اور مزاحمت کے بعد عملہ کارروائی مکمل کیے بغیر واپس چلا گیا۔ سامی میمن کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر زمینوں، دیواروں اور فارم ہاؤسز کے خلاف کارروائی کی گئی اور اہلکاروں نے دوبارہ آنے کا عندیہ دیا۔ سامی میمن نے کہا یہ مسئلہ محض ایک گوٹھ یا چند زرعی فارمز تک محدود نہیں، یہ اس بنیادی سوال کو جنم دیتا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے زمین حاصل کرتے وقت وہاں پہلے سے آباد انسانوں کے حقوق، ان کی زندگی، روزگار، رہائش، آباؤ اجداد کی قبریں اور قانونی تحفظات کہاں جاتے ہیں؟

ملیر اور ایجوکیشن سٹی

دوسری جانب مقامی آبادگاروں اور علاقہ معززین کا کہنا ہے کہ وہ کئی برسوں بلکہ نسلوں سے ان علاقوں میں رہائش پذیر اور زرعی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ اگر کسی زمین کے ریکارڈ، ملکیت یا قانونی حیثیت پر کوئی تنازع موجود ہے تو اس کا حل طاقت، خوف یا اچانک انہدام نہیں بلکہ قانون، شفاف ریکارڈ، سماعت اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ سامی میمن نے کہا قانون ریاست کو اختیار دیتا ہے، لیکن یہی قانون شہریوں کو تحفظ بھی دیتا ہے۔ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے لیے زمین کے حصول کا عمل قانون کے مطابق، شفاف اور متاثرین کو اعتماد میں لے کر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا ترقی انسان کے لیے ہوتی ہے، انسان ترقی کی قربانی بننے کے لیے نہیں ہوتا۔

سامی میمن نے بتایا ایجوکیشن سٹی منصوبے کے آغاز سے اب تک مقامی متاثرین، منتخب نمائندوں، ریونیو حکام اور متعلقہ اداروں کے درمیان متعدد اجلاس، مذاکرات اور یقین دہانیاں ہو چکی ہیں۔ مختلف اوقات میں مسائل کے حل کی بات ہوئی، متاثرین کے تحفظات سننے کے وعدے ہوئے اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئیں۔ لیکن اتنے برس گزرنے کے باوجود زمین کے حصول کے لیے کارروائیاں اسی طرح جاری ہیں اور متاثرین کے بنیادی سوالات اپنی جگہ موجود ہیں تو پھر یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ آخر ان اجلاسوں اور مذاکرات کا نتیجہ کیا نکلا؟ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہر مذاکراتی دور کے بعد دوبارہ انہدامی کارروائی کا خطرہ پیدا ہو جائے تو عوام کا اعتماد کیسے بحال ہوگا؟

سامی میمن نے کہا کہ فقیر محمد بلوچ گوٹھ کے حالیہ واقعے نے اس سوال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ انتظامیہ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ مقامی آبادی کی خاموشی کو رضامندی سمجھنا خطرناک غلط فہمی ہو سکتی ہے۔ لوگ برسوں سے احتجاج، مذاکرات اور قانونی راستوں کو ترجیح دیتے آئے ہیں۔ برداشت، مفاہمت، خاموشی اور مصلحت پسندی کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ جب انسان کو مسلسل یہ خوف لاحق رہے کہ کل اس کا گھر، اس کی زمین، اس کا کھیت یا اس کے بزرگوں کی قبر محفوظ ہوگی یا نہیں، تو اس کی بے چینی بڑھتی جاتی ہے۔ اور یہی وہ مقام ہے جہاں ریاستی اداروں کو طاقت کے استعمال کے بجائے اعتماد سازی کی طرف جانا چاہیے۔

ملیر کی زمین

کیونکہ آج کی خاموشی کل کسی بڑے عوامی احتجاج کا سبب بن سکتی ہے۔ سامی میمن نے کہا یہاں “بغاوت” سے مراد کسی قسم کا تشدد نہیں بلکہ وہ اجتماعی، آئینی اور قانونی مزاحمت ہے جو اس وقت جنم لیتی ہے جب لوگوں کو محسوس ہونے لگتا ہے کہ ان کی بات سننے والا کوئی نہیں۔

اس لیے حکومت، ریونیو حکام، ایجوکیشن سٹی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو ابھی سے ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ فقیر محمد بلوچ گوٹھ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں کسی بھی نئی کارروائی سے پہلے فوری طور پر مشترکہ اور غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے۔ زمینوں کا ریکارڈ سامنے لایا جائے، گوٹھوں کی قانونی حیثیت واضح کی جائے، قبرستانوں کی حدود محفوظ کی جائیں، متاثرہ خاندانوں کی فہرست تیار کی جائے، زمینوں کے مالکان اور آبادگاروں کو سنا جائے اور ہر فریق کو قانون کے مطابق اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔

اگر کسی زمین پر واقعی حکومت یا منصوبے کا قانونی حق ثابت ہوتا ہے تو بھی حصولِ اراضی کا عمل قانون کے مطابق، شفاف اور مناسب معاوضے کے ساتھ ہونا چاہیے۔ اور اگر کسی خاندان یا آبادی کا قانونی حق ثابت ہوتا ہے تو اسے محض انتظامی دباؤ کے ذریعے بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔ سامی میمن نے کہا قبرستانوں کا معاملہ اس سے بھی زیادہ حساس ہے۔ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی زد میں آنے والی قبروں اور قبرستانوں کو محض زمین کا ایک ٹکڑا سمجھنا نہ قانونی طور پر مناسب ہے اور نہ انسانی، اخلاقی اور معاشرتی اعتبار سے قابل قبول۔ ان قبروں میں کسی کے والد، کسی کی ماں، کسی کا دادا، کسی کا بیٹا اور کسی خاندان کی نسلوں کی یادیں دفن ہیں۔ ترقی کے نام پر ان مقدس مقامات کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

ملیر کے دیہی علاقے

انہوں نے کہا منتخب نمائندوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف اجلاسوں میں شرکت تک محدود نہ رہیں۔ اگر ان کے حلقے کے لوگ بے گھر ہونے، زمین سے محروم ہونے یا قبرستانوں کے تحفظ کے بارے میں پریشان ہیں تو انہیں متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور حکومت کے سامنے واضح، تحریری اور قابلِ عمل حل پیش کرنا چاہیے۔ سامی میمن نے کہا ایجوکیشن سٹی اگر واقعی تعلیم اور ترقی کا منصوبہ ہے تو اسے انصاف، شفافیت اور مقامی آبادی کے اعتماد کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔ ایسا منصوبہ جو مقامی لوگوں کے دلوں میں خوف، غصہ اور بے یقینی پیدا کرے، اپنی کامیابی کے باوجود ایک بنیادی انسانی سوال ہمیشہ اپنے ساتھ لے کر چلے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا۔

حکومت چاہے تو فقیر محمد بلوچ گوٹھ کے واقعے کو ایک تصادم کا آغاز بنانے کے بجائے مذاکرات اور انصاف کا نقطۂ آغاز بنا سکتی ہے۔ انتظامیہ کارروائی مؤخر کرکے متاثرین، مقامی معززین، قانونی ماہرین، منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں کو ایک میز پر بٹھا سکتی ہے۔ تمام ریکارڈ سامنے آ سکتے ہیں اور ہر فریق کا مؤقف قانون کی روشنی میں سنا جا سکتا ہے۔

یہی جمہوری راستہ ہے، یہی آئینی راستہ ہے اور یہی انسانی حقوق کا تقاضا بھی ہے۔ کیونکہ اگر آج لوگوں کے سوالات سن لیے گئے، ان کے خدشات دور کر دیے گئے اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کر دیا گیا تو کل کا تصادم ٹل سکتا ہے۔ لیکن اگر گھروں، گوٹھوں، زرعی زمینوں اور قبرستانوں کے بارے میں اٹھنے والی آوازوں کو مسلسل نظرانداز کیا گیا، مذاکرات کو بے معنی بنا دیا گیا اور ہر اختلاف کا جواب انتظامی کارروائی سے دیا گیا تو پھر یہ خاموشی کب تک قائم رہے گی؟

اس سے پہلے کہ برداشت بغاوت بن جائے، بات چیت کا دروازہ کھولنا ہوگا۔ اس سے پہلے کہ عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو، انصاف کا یقین دلانا ہوگا۔

اور اس سے پہلے کہ وقت گزر جائے اور ذمہ دار ادارے صرف افسوس کرتے رہ جائیں، حکومت، انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ملیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے یا ایک ایسے تنازع کو مزید گہرا ہونے دیں گے جس کا حل آج بھی مذاکرات، قانون اور انصاف کے ذریعے ممکن ہے۔ سامی میمن نے کہا کراچی کی شناخت صرف بلند عمارتوں، سڑکوں، شاپنگ مالز اور صنعتی علاقوں سے نہیں ہے۔ اس شہر کی زندگی کا ایک بڑا حصہ اس کے دیہی علاقوں، بالخصوص ملیر کی زمین، باغات، فصلوں، گوٹھوں، ندی نالوں، کنوؤں اور صدیوں سے آباد انسانی بستیوں سے جڑا ہوا ہے۔ ملیر کا نام ہی سرسبزی سے منسوب ہے اور تاریخی طور پر یہ علاقہ کراچی کا دیہی اور زرعی پس منظر رہا ہے۔ کراچی کے اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان میں بھی کراچی کے دیہی علاقوں کو ضلع کے ایک بڑے حصے کے طور پر بیان کرتے ہوئے ملیر وادی، کاٹھوڑ اور شاہ مرید گڈاپ کی پٹی میں سبزیوں، پھلوں اور چارے کی کاشت کا ذکر کیا گیا ہے۔

ملیر کا زرعی علاقہ

لیکن آج سوال یہ ہے کہ جس زمین نے نسلوں تک کراچی کو خوراک فراہم کی، جس پر مقامی لوگوں کے گوٹھ، قبرستان، باغات اور روزگار قائم ہیں، کیا اس زمین کا مستقبل صرف بڑی ترقیاتی اسکیموں، سڑکوں، ہاؤسنگ اسکیموں اور زمین کے نئے نقشوں میں ہی لکھا جائے گا؟

ایجوکیشن سٹی کے پہلے مرحلے کے خلاف مقامی لوگوں، سول سوسائٹی اور سیاسی و سماجی حلقوں کے اعتراضات ابھی ختم بھی نہیں ہوئے کہ اب ایجوکیشن سٹی فیز ٹو کے حوالے سے نئی سمری اور حدود بندی کی اطلاعات ملیر کے دیہی باشندوں کے لیے ایک اور بڑے خطرے کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق فیز ٹو کے لیے دیہہ کوٹیارو کے⁦4⁩ہزار ایکڑ، جوریجی کے⁦500⁩ایکڑ، ڈانڈو کے⁦925⁩ایکڑ اور آبدار کے⁦562⁩ایکڑ، یعنی مجموعی طور پر⁦5⁩ہزار⁦987⁩ایکڑ زمین کی سمری تیار کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ متعدد گوٹھ اور قبرستان نقشے میں ظاہر نہیں کیے گئے۔ یہ دعویٰ اتنا اہم ہے کہ حکومت پر لازم ہے کہ اس حوالے سے مکمل نقشہ، نوٹیفکیشن، سروے ریکارڈ، زمین کی حیثیت اور متاثر ہونے والی آبادیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائے۔

کیونکہ سرکاری ریکارڈ میں ایجوکیشن سٹی کی اصل حدود کے بارے میں پہلے ہی مختلف اعداد و شمار سامنے آ چکے ہیں۔ سندھ کے محکمہ سرمایہ کاری کے مطابق ایجوکیشن سٹی کے لیے⁦8,921⁩ایکڑ زمین⁦19⁩جولائی⁦2017⁩ء کو بورڈ کے حوالے کی گئی اور اس کے فیز ون کی ترقی کا عمل جاری ہے۔⁦2013⁩ء کے ایجوکیشن سٹی ایکٹ میں بھی دیہہ چوہر، ضلع ملیر میں⁦8,921⁩ایکڑ زمین کا واضح ذکر موجود ہے۔

اس کے بعد⁦2025⁩ء میں یہ رپورٹ سامنے آئی کہ مزید⁦2,817⁩ایکڑ زمین ایجوکیشن سٹی کے لیے مختص کرنے کا عمل آگے بڑھایا گیا، جس میں دیہہ چوہر کے ساتھ امیلاڻو اور آبدار کے حصے بھی شامل تھے۔ سامی میمن نے کہا اسی رپورٹ کے مطابق سابقہ مراحل میں تقریباً⁦9⁩ہزار ایکڑ زمین اور تقریباً⁦30⁩گوٹھ متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے، جبکہ⁦779⁩ایکڑ زرعی زمین منصوبے میں شامل ہونے کا ذکر بھی سامنے آیا۔

اس پس منظر میں فیز ٹو کے لیے بتائے جانے والے⁦5,987⁩ایکڑ کا نیا عدد معمولی معاملہ نہیں ہے۔ اگر یہ تجویز واقعی سرکاری سطح پر موجود ہے تو حکومت کو خاموش رہنے کے بجائے واضح کرنا چاہیے کہ نئے فیز کی حدود کیا ہیں، کتنی زمین سرکاری ہے، کتنی نجی یا لیز پر ہے، کون سے گوٹھ اور قبرستان متاثر ہوں گے اور مقامی آبادیوں کے حقوق کا تحفظ کس طرح کیا جائے گا؟

مقامی لوگوں کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق دیہہ کوٹیارو کی ایک جانب پیر سرہندی گوٹھ، دوسری جانب چھچر خاصخیلی گوٹھ، جنوب میں ساتل جوکھیو گوٹھ اور شمال میں سکّن ندی واقع ہے۔ دیہہ آبدار میں شاہ محمد سالار گوٹھ، فوج کو دی گئی زمین کی حدود، نیا لنک روڈ اور ولی داد سالار گوٹھ کو حدود بندی کے طور پر بتایا جاتا ہے۔ دیہہ ڈانڈو اور دیہہ جوریجی کے حوالے سے بھی ایسی ہی حدود بتائی گئی ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ معاملہ محض خالی اور غیر آباد زمین کا نہیں، بلکہ اس خطے میں انسانی آبادیاں اور ان سے جڑی تاریخ بھی موجود ہے۔ مقامی دعووں کے مطابق فیز ٹو سے تین درجن تک گوٹھ، ڈیڑھ درجن قبرستان اور تقریباً⁦1,500⁩ایکڑ گرین بیلٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان اعداد و شمار کی سرکاری تصدیق ابھی ضروری ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اگر نقشے میں گوٹھ، قبرستان، باغات اور زرعی زمینوں کو ہی نظرانداز کر دیا جائے تو پھر ترقیاتی منصوبہ بندی کس بنیاد پر ہوگی؟

ایجوکیشن سٹی کا بنیادی مقصد تعلیم، تحقیق اور انسانی وسائل کی ترقی ہے، جس سے اختلاف کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے کا مقصد عالمی معیار کے تعلیمی اور تحقیقی ادارے قائم کرنا ہے، جبکہ⁦2025⁩ء میں حکومت کی جانب سے ایجوکیشن سٹی میں⁦435⁩ایکڑ پر اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ لیکن تعلیم کے لیے زمین حاصل کرنا اور زمین کو ترقی کے نام پر بے دخلی کا ذریعہ بنانا، دونوں میں بڑا فرق ہے۔

حیرت کی بات یہ بھی ہے کہ ایجوکیشن سٹی کے اپنے تعمیراتی ضوابط میں زرعی علاقوں کے تحفظ کی بات موجود ہے۔ سندھ کے محکمہ سرمایہ کاری کی دستاویز میں زرعی زون کو کاشت کاری، مویشی پالنے اور باغبانی کے لیے برقرار رکھنے اور بڑی شہری آبادی سے محفوظ رکھنے کے اصولوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

تو پھر اگر ایک ہی منصوبے کے نام پر زرخیز زمین، باغات، گوٹھ اور قبرستان ختم ہونے کا خدشہ پیدا ہو تو سوال ضرور اٹھے گا کہ ترقی کے یہ اصول زمین پر کہاں لاگو ہوتے ہیں؟

یہ مسئلہ صرف ایجوکیشن سٹی تک محدود نہیں۔ ملیر کی زمین پر مختلف ادوار میں بڑے منصوبوں، ہاؤسنگ اسکیموں، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے اثرات پڑتے رہے ہیں۔ ڈی ایچ اے سٹی اور بحریہ ٹاؤن کی توسیع کے حوالے سے بھی ملیر کے زرعی اور دیہی علاقوں پر اثرات کی رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔ ملیر ایکسپریس وے کے ماحولیاتی جائزے میں بھی علاقے کی زرعی سرگرمیوں، سبزیوں اور باغات کا ذکر موجود ہے۔

یعنی مسئلہ صرف ایک منصوبے کا نہیں؛ مسئلہ ملیر کی زمین کے مجموعی مستقبل کا ہے۔

2026ء میں سندھ ہائی کورٹ میں دائر ایک درخواست پر بھی ایجوکیشن سٹی کے لیے مبینہ طور پر⁦19,600⁩ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کے حوالے سے سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری ہوئے۔ درخواست گزار نے⁦9,600⁩ایکڑ کے بعد مزید⁦10⁩ہزار ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کا دعویٰ کیا، جبکہ مقامی آبادکاروں کی لیز اور زمین کے تحفظ کے حوالے سے پالیسی بنانے کی درخواست بھی کی گئی۔ عدالت کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ الزامات ثابت ہو گئے ہیں، لیکن یہ ضرور ظاہر کرتا ہے کہ زمین کا مسئلہ اب ایک سنجیدہ قانونی اور عوامی بحث کا حصہ بن چکا ہے۔

یہاں ملیر کی سیاسی قیادت کے لیے بھی ایک بڑا سوال ہے۔ آج اگر غریب دیہاتی اپنی آبائی زمین، گھر، باغ یا قبرستان بچانے کے لیے کھڑا ہے تو اسے اکیلا کیوں چھوڑا جائے؟ عوامی احتجاج کے وقت اگر منتخب نمائندے صرف بند کمروں میں بیٹھ کر بیانات جاری کریں تو زمین پر موجود لوگوں کا تحفظ نہیں ہو سکتا۔ ملیر کے لوگوں کو اب کسی ایک جماعت یا شخصیت کے پیچھے چلنے کے بجائے اپنی زمین، پانی، گوٹھ، قبرستان اور روزگار کے حق کے لیے منظم، قانونی اور پرامن جدوجہد کرنا ہوگی۔

اور اب خاموش رہنے کا مطلب صرف زمین کھونا نہیں ہوگا، خاموشی کا مطلب آنے والی نسل سے اپنی تاریخ کا ایک حصہ کھونا بھی ہوگا۔
اسحاق بلوچ ایجوکیشن سٹی پیپلز پارٹی زرعی زمین زمین کا تنازع سامی میمن سندھ سندھ حکومت شہری منصوبہ بندی قبرستان کراچی کراچی کے دیہی علاقے کسان گرین بیلٹ گوٹھ ملیر ملیر کی زمین
Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Email WhatsApp
Previous Articleجمعہ فقیر کی داستان
Next Article ممدانی کی گرفتاری کا مطالبہ
نیوز ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

مضمون/کالم

لبنان کی مسیحی قیادت بحران کی زد میں

نومبر 17, 2026
مضمون/کالم

فحاشی کا قانون یا سنسر شپ؟

نومبر 17, 2026
مضمون/کالم

امریکہ میں چین کی مبینہ دراندازی کا پھیلتا دائرہ

نومبر 16, 2026
Add A Comment

Comments are closed.

اہم ترین

پاکستان⁦:⁩عالمی دہشت گردی کے بحران کا مرکز، ایک بار پھر

جولائی 31, 2026883 Views

زبان کا ذائقہ دل اور دماغ دونوں کے لیے خطرہ

اکتوبر 11, 2026228 Views

لو ہم آگئے

جولائی 31, 2026223 Views
سوشل میڈیا
  • Facebook
  • YouTube
  • Twitter
  • Instagram
نقطہ نظر
85
مشرق وسطیٰ

حوثیوں کی پیدا کردہ مشکلات کے خاتمے کا وقت آ گیا، تیل کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان⁦:⁩رشاد العلیمی

نیوز ایڈیٹرجولائی 21, 2026 مشرق وسطیٰ
85
فیچرڈ

برطانیہ کی حوثیوں کی سعودی عرب کو دھمکیوں کی مذمت، ریاض سے مکمل یکجہتی کا اعلان

نیوز ایڈیٹرجولائی 21, 2026 فیچرڈ
8.9
صفحہ اول

امریکہ اور خلیجی شراکت دار ایران کی جارحیت کے مقابلے میں متحد ہیں، ایلیسن ہوکر

نیوز ایڈیٹرجولائی 19, 2026 صفحہ اول
مقبول ترین

پاکستان⁦:⁩عالمی دہشت گردی کے بحران کا مرکز، ایک بار پھر

جولائی 31, 2026883 Views

زبان کا ذائقہ دل اور دماغ دونوں کے لیے خطرہ

اکتوبر 11, 2026228 Views

لو ہم آگئے

جولائی 31, 2026223 Views
اہم ترین

فرانس⁦:⁩دو تہائی یہودی ملک چھوڑ سکتے ہیں

نومبر 18, 2026

آصف مرچنٹ کو⁦330⁩ماہ قید

نومبر 18, 2026

بلاول بھٹو کا انتباہ

نومبر 18, 2026

سبسکرائب کریں

ادارہ کی شرائط و ضوابط اور پرائیویسی پالیسی کی پابندی ہو گی۔

شکریہ! اپنی سبسکرپشن کی تصدیق کے لیے اپنا ای میل اِن باکس یا اسپیم فولڈر چیک کریں۔

© 2026 NYURDU
  • صفحۂ اول
  • ٹیم
  • رابطہ کریں
  • NYURDU بارے

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.