یورپ میں قانون اور ثقافتی سوچ

تحریر:فرزانہ ناہید وڑائچ
Opinion
جب پاکستانیوں کو ان کے حقوق یاد دلائے جائیں تو اکثر بحث گالی گلوچ تک پہنچ جاتی ہے، مگر اپنے معاشرے کے طبقاتی نظام اور اس کے تضادات پر سوچنے کی کوشش کم ہی دکھائی دیتی ہے۔
اپنے حکمرانوں کی پوجا پاٹ کی جاتی ہے، مگر اپنے طبقاتی نظام پر سوچنے کی زحمت نہیں کی جاتی۔
اپنے ملک میں اسکولوں کے معاملات میں بیس طرح کے طبقاتی فرق موجود ہیں۔ امیر ترین بچوں کے اسکولوں کے سامنے ایسے لوگوں کو زیادہ دیر کھڑے ہونے کی اجازت بھی نہیں ہوتی۔
لیکن جب بات یورپ کی آتی ہے تو پھر اسے گالیاں دینے سے فرصت نہیں ملتی۔ نہ ہی یہ لوگ یورپ کے تعلیمی نظام کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں اور نہ ہی وہاں آنے والے تارکین وطن کی ذہنی اپروچ کو سمجھنے کی۔
ان ممالک میں آنے والے لوگ ایک بہتر زندگی کے خواہاں ہوتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں کے لیے پیسہ، گھر، تعلیم، علاج اور سہولیات چاہتے ہیں، جو بڑی حد تک انہیں یورپی حکومتوں کے نظام سے میسر آتی ہیں۔
مگر اپنی ذہنی حالت اور بعض ثقافتی رویوں کو بدلنا ان کے لیے اتنا آسان نہیں ہوتا۔ وہ سب سے پہلے اپنے بچوں کو اپنی علاقائی سوچ کے مطابق ڈھالتے ہیں۔
خاص طور پر لڑکیوں کے معاملات میں بعض خاندان وہی سوچ برقرار رکھتے ہیں جو وہ اپنے آبائی معاشروں سے ساتھ لے کر آتے ہیں۔
مگر اسکول صرف کسی ایک خاندان یا کمیونٹی کا ذاتی دائرہ نہیں۔ وہاں فیصلے ذاتی پسند سے نہیں بلکہ اجتماعی قوانین اور تعلیمی اصولوں کے تحت کیے جاتے ہیں۔
ان ممالک کے اسکولوں میں پیش آنے والے معاملات کا ادارک وہاں کے حکام اور تعلیمی اداروں کو ہوتا ہے۔ وہاں فیصلے صرف کسی ایک فرد کی ذاتی پسند یا خاندانی روایت کی بنیاد پر نہیں کیے جاتے بلکہ مجموعی نظام اور قانون کو سامنے رکھ کر کیے جاتے ہیں۔
کم عمر بچیوں کو جبری طور پر پردہ کروا کر اسکول بھیجنے کے معاملے پر بھی یہی سوال اٹھتا ہے کہ بچے کی عمر، تعلیم اور ذاتی آزادی کو کس طرح دیکھا جائے۔
غیر ملکی بچوں کے پہلے ہی ہزاروں مسائل ہوتے ہیں جنہیں یہاں اساتذہ اور تعلیمی ادارے سنبھالتے ہیں۔ زبان، ماحول، سماجی مطابقت اور نئی تعلیم کے تقاضے ان بچوں کے لیے پہلے ہی بڑے چیلنج ہوتے ہیں۔
تیسرا اہم فرق یہ ہے کہ یہاں ایسا طبقاتی تعلیمی نظام نہیں کہ غیر ملکی بچوں کو الگ اور کم معیار کے اسکولوں میں بھیج دیا جائے۔ یہاں اصولاً سب بچوں کے لیے ایک ہی تعلیمی نظام اور ایک جیسے سرکاری اسکول موجود ہیں۔
اس لیے ان ممالک میں رہنے والوں کے لیے یہ اقدامات کسی بیرونی معاشرے کے خلاف نہیں بلکہ ان کے اپنے معاشرتی اور قانونی نظام کا معاملہ ہیں۔
اپنے گھروں کے اندر لوگ اپنی نجی زندگی اور خاندانی روایات کے مطابق جیسے چاہیں رہیں، لیکن جب بچے اسکول جاتے ہیں تو وہاں انہیں اس ملک کے تعلیمی اور قانونی اصولوں کی پابندی کرنا پڑتی ہے۔
سوال یہ ہے کہ جب کوئی خاندان کسی دوسرے ملک کے نظام سے تعلیم، صحت، رہائش اور دیگر سہولیات حاصل کرتا ہے تو کیا اسے وہاں کے اجتماعی قوانین اور ادارہ جاتی اصول بھی قبول نہیں کرنے چاہییں؟
جب ان سرپھروں سے پوچھو کہ بچی ابھی چھوٹی ہے، سر پر اسکارف کیوں باندھ رکھا ہے، تو جواب آتا ہے:اسے سکھانے کے لیے، اس کی عادت بنانے کے لیے۔
یہاں بھی بعض لوگ مذہبی احکامات کو اپنی مخصوص سماجی ترجیحات اور تشریحات کے مطابق ڈھال لیتے ہیں۔ ایسے میں اگر ریاست یا تعلیمی ادارہ کوئی مختلف اصول مقرر کرے تو اس کے ساتھ اختلاف پیدا ہونا فطری ہے۔
لیکن یورپی معاشروں میں رہتے ہوئے اسکولوں کے اندر نافذ قوانین اور ادارہ جاتی ضوابط کی پابندی ضروری ہے۔ وہاں کسی فرد کی ذاتی پسند ہر معاملے میں اجتماعی قانون پر غالب نہیں آ سکتی۔
یہی وہاں کا قانونی اور سماجی اصول ہے۔ اگر کسی شخص کو ان اصولوں سے شدید اختلاف ہو تو اس کے پاس اپنے آبائی ملک واپس جانے کا آپشن بھی موجود رہتا ہے۔
نوٹ:
یہ مضمون فرزانہ ناہید وڑائچ کی فیس بک وال سے لیا گیا ہے۔
