حزب اللہ پیجر آپریشن کے نئے خفیہ انکشافات
اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف2024کے خفیہ پیجر آپریشن سے متعلق ڈرامائی نئی تفصیلات پر عائد سنسرشپ ختم کردی ہے، جس میں دھماکہ خیز مواد سے لیس پیجرز کے ذریعے حزب اللہ کے ہزاروں ارکان ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیل نے2024میں حزب اللہ کے خلاف کیے گئے دھماکہ خیز پیجر آپریشن سے متعلق ڈرامائی نئی تفصیلات پر عائد سنسرشپ ختم کردی ہے، جس کارروائی میں نامزد دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کے ہزاروں ارکان ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔
جلد جاری ہونے والی نئی ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں نے حزب اللہ کے ایک ایسے جنگجو کو کیسے ہلاک کیا جو پیجرز کے بارے میں مشکوک ہوگیا تھا، جبکہ خفیہ مشن کے بے نقاب ہونے سے روکنے کے لیے ایرانی معائنہ کرنے والے آلات بھی تباہ کیے گئے۔
یہ انکشافات اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے دوران اس آپریشن کی یاد تازہ کرنے کے چند روز بعد سامنے آئے ہیں، جہاں انہوں نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک پیجر ہاتھ میں اٹھا لیا تھا۔
نیتن یاہو نے ڈیوائس دکھاتے ہوئے کہا، ’’پیجرز یاد ہیں؟ یہ چیزیں یاد ہیں؟‘‘ پھر انہوں نے کہا، ’’میں آپ کو یہ بتا سکتا ہوں:حزب اللہ انہیں یقینی طور پر یاد رکھتی ہے۔‘‘
اسرائیلی اندازوں کے مطابق ستمبر2024کے پیجر آپریشن میں حزب اللہ کے تقریباً3,500ارکان ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ بچوں سمیت عام شہری بھی متاثرین میں شامل تھے۔ اگلے روز سیکڑوں مزید افراد اس وقت ہلاک یا زخمی ہوئے جب حزب اللہ کے ہینڈ ہیلڈ ریڈیوز اور دیگر مواصلاتی آلات پھٹ گئے۔
کئی سال پر محیط خفیہ منصوبہ بندی
خفیہ کارروائی سے متعلق نئی تفصیلات30اکتوبر کو ’’پیجنگ حزب اللہ‘‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم کی ریلیز سے قبل سامنے آرہی ہیں، جو اسرائیلی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کی جانب سے انجام دیے گئے آپریشن پر مبنی ہے۔ جسٹن فولک کی ہدایت کاری میں بننے والی اس دستاویزی فلم میں نیتن یاہو، موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا اور اسرائیل و امریکا کے دیگر سکیورٹی حکام کے انٹرویوز شامل ہیں۔
فلم میں اس کارروائی کو کئی سال کی منصوبہ بندی کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے، جس کے دوران اسرائیلی انٹیلی جنس نے حزب اللہ کے مواصلاتی آلات کی سپلائی چین میں رسائی حاصل کی اور ایسے آلات تیار کرنے، ان کی مارکیٹنگ اور ترسیل میں مدد کی جن میں خفیہ طور پر تبدیلیاں کی گئی تھیں، جبکہ حزب اللہ کے ارکان کو یہ یقین دلایا گیا کہ پیجرز استعمال کے لیے محفوظ ہیں۔
دستاویزی فلم کے ٹریلر میں موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا ان افراد کو دی گئی اپنی ہدایت یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’’آپ کو اس پیجر کو ایک بم میں تبدیل کرنا ہے۔‘‘ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ آلات کے اندر چھپائی گئی تھوڑی سی مقدار میں دھماکہ خیز مواد نے بالآخر ’’دنیا بدل دی۔‘‘
تاہم اسرائیل کے سابق وزیر دفاع یوآف گیلنٹ کے نئے غیر سنسر شدہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے آلات کو فعال کیے جانے سے پہلے ہی یہ آپریشن بے نقاب ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔
گیلنٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس کو اگست2024میں معلوم ہوا کہ حزب اللہ کا ایک رکن پیجرز کے بارے میں مشکوک ہوگیا ہے اور ان کی تحقیقات کررہا ہے۔
آپریشن بے نقاب ہونے کے قریب
اسرائیلی ذرائع کے مطابق اس کے بعد اسرائیل نے حزب اللہ کے مذکورہ رکن کو ایک اور شخص کے ساتھ ہلاک کردیا اور اس حملے کو ایک علیحدہ کارروائی کا روپ دیا گیا، جس میں ایسا ظاہر کیا گیا کہ وہ شخص محض ضمنی نقصان کا شکار ہوا ہے۔ اس فریب کا مقصد حزب اللہ کو یہ جاننے سے روکنا تھا کہ پیجرز پہلے ہی شک کی زد میں آچکے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی افواج جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتیں اور شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا ممنوع ہے، تاہم اسرائیل یہ بھی تسلیم کرتا ہے کہ فوجی اہداف کے خلاف کارروائیوں کے دوران عام شہری متاثر ہوسکتے ہیں۔
خطرہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب اسرائیلی انٹیلی جنس کو معلوم ہوا کہ پیجرز کی جانچ کے لیے آلات لائے جارہے ہیں۔
گیلنٹ کے بیان کے مطابق اسرائیل نے ان آلات کو تباہ کردیا اور اس دوران کوشش کی کہ حملوں کو ان تبدیل شدہ مواصلاتی آلات سے غیر متعلق ظاہر کیا جائے۔
بعد میں نیتن یاہو نے انکشاف کیا کہ حزب اللہ نے تین پیجرز اسکیننگ کے لیے ایران بھیجے تھے، جس سے یہ خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ ان کے اندر چھپایا گیا دھماکہ خیز مواد دریافت ہوسکتا ہے۔
ایران نے آلات کی جانچ کی
نیتن یاہو نے یاد کرتے ہوئے کہا، ’’ستمبر کے تیسرے ہفتے میں ہمیں معلوم ہوا کہ حزب اللہ نے تین پیجرز اسکیننگ کے لیے ایران بھیجے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسرائیل اس سے پہلے ایک ایسے اسکینر پر بمباری کرچکا تھا جس کے ذریعے ان آلات کا معائنہ کیا جانا تھا اور اس کے آپریٹر کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔
گیلنٹ کے مطابق ان پیش رفتوں نے اسرائیل کو ایک ایسی صورتحال سے دوچار کردیا تھا جہاں کئی سال سے جاری خفیہ تیاریوں کے بے نقاب ہونے کا خطرہ بڑھتا جارہا تھا اور آپریشن شروع کرنے کے لیے وقت تیزی سے کم ہورہا تھا۔
سابق وزیر دفاع نے کہا، ’’نتیجہ یہ ہے کہ آپ خود کو ایسی پوزیشن میں پاتے ہیں جہاں یا تو آپ کو کارروائی کرنا پڑتی ہے یا پھر بے نقاب ہونے کا خطرہ مول لینا پڑتا ہے، اور یہ بہت تیزی سے ہوسکتا ہے۔‘‘
17 ستمبر2024کو پیجرز کو دھماکے سے اڑایا گیا، جبکہ اگلے روز دوسرے مرحلے میں ہینڈ ہیلڈ ریڈیوز اور دیگر مواصلاتی آلات بھی پھٹ گئے، جس نے حزب اللہ کو حیران کردیا اور یہ ظاہر کیا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس اس کی مواصلاتی نیٹ ورک میں کس حد تک داخل ہوچکی تھی۔
دستاویزی فلم میں ان آلات کو جدید دور کے ’’ٹروجن ہارس‘‘ کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جہاں حزب اللہ انجانے میں ایسے تبدیل شدہ آلات اپنے ہی ارکان میں تقسیم کرنے میں مدد کررہی تھی۔
ہنگری سے تعلق
تاہم اس آپریشن کا ایک غیر متوقع ہنگری سے تعلق بھی سامنے آیا۔
پیجرز پر تائیوانی کمپنی گولڈ اپولو کا برانڈ موجود تھا، جس نے دھماکوں کے بعد کہا تھا کہ یہ آلات بوڈاپیسٹ میں قائم BAC Consulting KFT نے لائسنس کے تحت تیار کیے تھے، جس کی اس وقت بوڈاپیسٹ میں ہونے والی ایک تحقیقات میں بھی نشاندہی کی گئی تھی۔
اس وقت ہنگری کی حکومت کے ترجمان زولتان کوواکس نے کہا تھا کہ ’’متعلقہ کمپنی ایک تجارتی ثالث ہے، جس کا ہنگری میں کوئی مینوفیکچرنگ یا آپریشنل مرکز نہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آلات کبھی ہنگری میں موجود ہی نہیں رہے۔
تاہم بعد کی ایک تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس وقت کے ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان کی حکومت نے پیجر دھماکوں کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد ایران کو انٹیلی جنس تعاون کی پیشکش کی تھی، حالانکہ اوربان طویل عرصے سے اسرائیل کی کھلے عام حمایت کرتے رہے ہیں۔
30 ستمبر2024کی ایک ٹیلی فون گفتگو کا لیک شدہ ٹرانسکرپٹ، جسے ایک مغربی انٹیلی جنس ادارے نے حاصل کرکے اس کی تصدیق کی اور واشنگٹن پوسٹ نے اس کا جائزہ لیا، ظاہر کرتا ہے کہ اس وقت کے ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیاجارتو نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کو معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔
ایران کو انٹیلی جنس معلومات کی پیشکش
رپورٹ کے مطابق سیاجارتو نے عراقچی سے کہا، ’’ہماری خفیہ سروس پہلے ہی آپ کی سروسز سے رابطہ کرچکی ہے، اور ہم دھماکوں کی تحقیقات کے دوران جمع کی گئی تمام معلومات آپ کے ساتھ شیئر کریں گے۔‘‘
ٹرانسکرپٹ کے مطابق ہنگری کے وزیر خارجہ نے مزید کہا، ’’ہر ممکنہ دستاویز آپ کی سروسز کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔‘‘
یہ انکشاف خاص طور پر حساس تھا کیونکہ ایران حزب اللہ کا بنیادی ریاستی سرپرست تھا اور وہی ملک تھا جہاں اسرائیلی حکام کو خدشہ تھا کہ پیجرز کے معائنے سے خفیہ آپریشن بے نقاب ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان انکشافات نے اسرائیل کی حساس ترین انٹیلی جنس کارروائیوں میں سے ایک کے بعد بوڈاپیسٹ کے اقدامات پر سوالات اٹھائے، بالخصوص اس لیے کہ اوربان کے نیتن یاہو کے ساتھ قریبی سیاسی تعلقات ہیں۔
سیاجارتو نے بعد میں تصدیق کی کہ ان کی سفارتی گفتگو کی ریکارڈنگز موجود تھیں، تاہم انہوں نے خفیہ ریکارڈنگ کو ’’ایک بہت بڑا اسکینڈل‘‘ قرار دیا، جبکہ اوربان نے تحقیقات کا حکم دیا۔
بوڈاپیسٹ کے کردار پر سوالات
اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ ہنگری کو معلوم تھا کہ اسرائیل نے پیجرز میں کس طرح تبدیلیاں کی تھیں یا یہ کہ بوڈاپیسٹ نے حقیقتاً ایران کو اسرائیل کے آپریشن سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔
تاہم حالیہ غیر سنسر شدہ بیانات نے یہ ضرور ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ اور ایران جیسے ان عناصر کو، جنہیں وہ اپنے وجود کے لیے خطرہ سمجھتا ہے، نشانہ بنانے کے لیے کس حد تک جانے کے لیے تیار تھا۔
دھماکہ خیز پیجر آپریشن مسلح تنازع کے ایک نمایاں باب کے طور پر سامنے آیا ہے، جسے حزب اللہ اور خطے سے باہر بھی طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
