اسرائیلی سفیر کا ممدانی کی گرفتاری کا مطالبہ
ڈینی ڈانون نے نیویارک کے میئر پر اشتعال انگیزی اور امریکہ کے دشمن سے تعاون کا الزام عائد کردیا
اسرائیل کے اقوام متحدہ میں سفیر ڈینی ڈانون نے نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ان پر ’’امریکہ کے دشمن سے تعاون‘‘ اور اشتعال انگیزی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا یہ بیان اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کے متوقع دورے سے قبل کئی ماہ سے جاری دونوں شخصیات کے درمیان تنازع میں ایک نئی شدت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ڈانون نے جمعرات،17ستمبر، کو یہ بیان اس وقت دیا جب وہ ممدانی کے ان سابقہ عوامی بیانات پر ردعمل دے رہے تھے جن میں نیویارک کے میئر نے امریکی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ نتن یاہو کے خلاف عالمی فوجداری عدالت (ICC) کی جانب سے جاری کردہ گرفتاری کے وارنٹ پر عمل درآمد کریں۔ ممدانی متعدد بار نتن یاہو کو ’’جنگی مجرم‘‘ اور ’’فلسطینی عوام کے خلاف ہولناک نسل کشی کے معمار‘‘ قرار دے چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ اسرائیلی رہنما ’’نیویارک سٹی میں خوش آمدید نہیں‘‘ ہیں۔ ممدانی نے اس سے قبل یہ جائزہ لینے کی کوشش کی تھی کہ آیا شہر کے حکام آئی سی سی کے وارنٹ پر عمل درآمد کرسکتے ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے تسلیم کیا کہ نیویارک سٹی کے پاس ایسا کرنے کا آزادانہ قانونی اختیار نہیں ہے، جس کے بعد انہوں نے یہ مطالبہ وفاقی حکومت کی جانب منتقل کردیا۔
’’اگر کسی کو گرفتار کیا جانا چاہیے تو وہ میئر ممدانی ہیں، اشتعال انگیزی کے لیے، اور دراصل امریکہ کے دشمن کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے۔‘‘
ڈانون نے رواں سال کے آغاز میں ممدانی کی انتظامیہ کے ارکان، بالخصوص نیویارک سٹی کی بین الاقوامی امور کی کمشنر اینا ماریا آرچیلا، اور ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر امیر سعید ایروانی کے درمیان مجوزہ ملاقات کی جانب بھی اشارہ کیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات طے کی گئی تھی، تاہم بعد میں عملی طور پر نہیں ہوسکی۔ ڈانون نے ممدانی پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ انہوں نے نتن یاہو کے خطاب سے قبل ’’دھمکیوں، اشتعال انگیزی اور یہود مخالف بیان بازی‘‘ کو جنم دیا۔
یہ تنازع ممدانی کی2025کی میئر کی انتخابی مہم اور عہدہ سنبھالنے کے ابتدائی دور تک جاتا ہے۔ امیدوار اور بعد ازاں میئر کی حیثیت سے ترقی پسند ڈیموکریٹ ممدانی، جو نیویارک کے پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی میئر ہیں، نے آئی سی سی کے گرفتاری کے وارنٹس کا احترام کرنے کا وعدہ کیا تھا، جن میں نتن یاہو کے خلاف وارنٹ بھی شامل ہے، اور7اکتوبر2023کے حماس کے حملوں کے بعد غزہ میں اسرائیل کے اقدامات پر سخت تنقید کی ہے۔
اسرائیلی حکام اور بعض یہودی تنظیموں نے ممدانی کے بیانات کو اشتعال انگیز یا یہود مخالف قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے؛ تاہم ممدانی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مساوی حقوق اور اس چیز کی مخالفت پر زور دیا ہے جسے وہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی قرار دیتے ہیں۔ نتن یاہو اس سے قبل بھی ممدانی پر ’’نفرت کو ہوا دینے‘‘ کا الزام عائد کر چکے ہیں۔
تنازع کے باوجود نتن یاہو سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ اگلے ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ نتن یاہو کو امریکی سرزمین پر ’’گرفتار نہیں کیا جائے گا‘‘۔ یہ لفظی جنگ اسرائیلی پالیسی پر تنقید کرنے والے امریکہ کے ترقی پسند مقامی رہنماؤں اور اسرائیلی حکام کے درمیان جاری کشیدگی کو نمایاں کرتی ہے، خصوصاً ایسے شہر میں جہاں یہودی آبادی کی بڑی تعداد موجود ہے۔
