مکہ کا راستہ یروشلم سے گزر کر جاتا ہے

اخبار جیروشلم پوسٹ نے مستند امریکی ذرائع سے خبر دی ہے کہ حالیہ حوثی دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے اسرائیلی انٹیلیجنس سے معاونت لی ہے۔ اور اس معاونت کی درخواست اور بات چیت، اخبار کے مطابق، سعودی عربیہ نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ذریعے کی تھی اور انہی ذرائع نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
اور یہ بات قابلِ اعتبار اور نہایت قابلِ قدر اقدام ہے کہ تاریخ پھر سے انگڑائی لے رہی ہے۔ تاریخ کے خشک ہوتے سرچشمے پھر سے سیراب ہونے کو ہیں، کہ تاریخ کے آگے دیر ہے، اندھیر نہیں ہے۔ تاریخ کا گمشدہ دریا اپنا راستہ اور سمت ڈھونڈنے لگا ہے۔ ابھی اس ندی نے کروٹ لی ہے۔ جست بھی لگانے لگے گی۔
یہی اس خطۂ مشرقِ وسطیٰ میں تاریخ کی کبھی صحیح دھارا تھی۔ حوثی دہشت گردی کا خطرہ ایک فتنہ ہے جس کی پشت پیچھے ایران کی ملاں رجیم جیسا فساد فی الارض ہے۔ وہ شیطان رجیم عراق، شام اور لبنان کی تباہی کے بعد مسلمانوں کے قبلۂ اول سعودی عرب کے درپے ہے اور کئی برسوں سے ہے۔
لیکن سعودی عرب کی اسرائیلی انٹیلیجنس معاونت کی طلبی حوثی دہشت گردی اور اس کے پیچھے ایران کی ملاں رجیم کی امن دشمنی کا راستہ روکے گی۔
مکہ، یروشلم اور قدیم روحانی رشتے
خطے میں جنگ و فساد فی سبیل اللہ پھیلانے والی ملاں رجیم اس ادراک اور بینائی سے بہت دور ہے کہ مکہ اور یروشلم کے تعلقات قدیم زمانوں سے بہت گہرے اور روحانی تھے۔ اور رہیں گے۔ ان رشتوں کا ایک بہت بڑا تقدس ہے۔
مکہ کے مناسکِ حج اور زیارات کے تمام راستے یروشلم سے گزر کر جاتے تھے۔ اور یہی خواہش اس خطے میں صلحِ کل اور آشتی کی، تمام رہنے والوں کی ہے۔ اور یہی خواب خطے میں رہنے والے شریف انسانوں کے ہیں۔
نیز یہ سب کچھ تمام اقوامِ ابراہیمی یا اولادِ ابراہیمی کے درمیان میثاقِ ابراہیمی سے ممکن ہے کہ تجارت، سفارت، عقائد و عبادات سب اس میثاقِ ابراہیمی سے ممکن ہے۔
ہم سمجھتے ہیں براہِ راست یا بالواسطہ سعودی عرب کے ساتھ اسرائیلی تعاون و معاونت اس میثاقِ محبت و اخوت کے پہلے سنگِ میل کی طرف اگلا قدم ہو سکتا ہے۔ یہ گم گشتہ دریا ایک دن بہنا ضرور ہے۔
کہ تمام مقاماتِ مقدسہ کا راستہ ان دو شہروں کے درمیان ہے۔ مکہ اور یروشلم۔ دو ملکوں کے درمیان ہے:سعودی عربیہ اور اسرائیل۔
’’پاک ہے وہ ذات جس نے سیر کرائی اپنے بندے کو مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ تک۔‘‘
تو پس عزیزو، بقولِ شخصے مکہ کا راستہ یروشلم سے گزر کر جاتا ہے۔ اور جانا ہے۔
"`
