جاپان میں ایشیائی کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ
کیا پاکستان12سال بعد گولڈ میڈل جیت پائے گا؟
ایشیائی کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ جاپان کے شہر ناگویا میں سج رہا ہے۔20ویں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب ہفتہ19ستمبر کو ہوگی۔ اس میگا اسپورٹس ایونٹ کی میزبانی جاپان کا آئیچی پریفیکچر اور ناگویا سٹی کر رہے ہیں۔ جاپان کو تیسری بار ایشین گیمز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس سے پہلے1958میں ٹوکیو اور1994میں ہیروشیما ایشین گیمز کے میزبان رہ چکے ہیں۔
17 دن جاری رہنے والے ان مقابلوں میں پاکستان سمیت46ایشیائی ملکوں کے12ہزار سے زائد ایتھلیٹس43مختلف کھیلوں کے469ایونٹس میں میڈلز حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گے۔ اس بار تین نئے کھیل متعارف کروائے جا رہے ہیں، جن میں ٹیک بال، مکسڈ مارشل آرٹس اور ورچوئل تائیکوانڈو شامل ہیں۔
20ویں ایشین گیمز میں17ہزار کے قریب کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کر رہے ہیں اور یہ تعداد اولمپکس کے شرکا سے بھی زیادہ ہے۔ ہزاروں کھلاڑیوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والا ایک کروز شپ جاپان پہنچ چکا ہے۔ اطالوی کروز ناگویا کی کوسٹی سیرینا بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا ہے۔ اس پر تقریباً4ہزار کھلاڑیوں اور آفیشلز کے قیام کا انتظام ہے۔ اس جہاز میں1500کمرے ہیں۔
پاکستانی دستے کی قیادت پہلی بار خاتون کے سپرد
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایشین گیمز کے لیے پاکستانی دستے کی چیف ڈی مشن کی ذمہ داری ایک خاتون فاطمہ لاکھانی کو سونپی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ میرے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے اور مجھے امید ہے کہ پاکستانی دستہ ایشین گیمز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور اس بار میڈلز کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔ فاطمہ لاکھانی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سینئر نائب صدر بھی ہیں۔
پاکستان19ویں مرتبہ ایشین گیمز میں حصہ لے رہا ہے۔2022میں ہانگ ژو میں ہونے والی ایشین گیمز میں پاکستان کے189رکنی اسپورٹس دستے کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔ پاکستان صرف ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغے حاصل کر پایا تھا۔ پاکستان نے اسکواش میں چاندی، جبکہ کبڈی اور شوٹنگ میں کانسی کے تمغے جیتے تھے۔
2026 کی ایشین گیمز میں بھی پاکستان کے165کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جو23کھیلوں میں میڈلز جیتنے کے لیے حریف کھلاڑیوں سے نبردآزما ہوں گے۔ آفیشلز سمیت دستے کی مجموعی تعداد235ہے۔ ان میں سے93کھلاڑیوں کے اخراجات پی او اے نے برداشت کیے ہیں، جبکہ باقی کے اخراجات ان کی فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز اٹھا رہی ہیں۔
ایشین گیمز میں اسکواش کھلاڑی نور زمان اور قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا پاکستانی پرچم اٹھائیں گی۔
شوٹنگ ٹیم کو این او سی کا مسئلہ
پاکستانی دستے کے لیے گیمز کے آغاز سے قبل ہی ایک مایوس کن خبر یہ ہے کہ ایشین گیمز میں شوٹنگ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی شوٹر کشمالہ طلعت سمیت منتخب ہونے والے چھ قومی شوٹرز اپنے اداروں کی جانب سے این او سی نہ ملنے کی وجہ سے جاپان کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ جن دیگر شوٹرز کو اجازت نامہ نہیں ملا، ان میں ایشین گولڈ میڈلسٹ فرخ ندیم، امام ہارون، محمد شبیر، عمر فاروق اور محمد عثمان شامل ہیں۔ باقی تین شوٹرز عثمان چاند، غلام مصطفیٰ بشیر اور رابعہ کبیر ناگویا پہنچ چکے ہیں۔ شوٹنگ کے مقابلے20ستمبر سے شروع ہوں گے۔
پاکستانی کھلاڑی جن ایونٹس میں شرکت کریں گے، ان میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، کرکٹ، ایکویسٹرین اسپورٹس، فینسنگ، فیلڈ ہاکی، کبڈی، مکسڈ مارشل آرٹس، روئنگ، سیلنگ، شوٹنگ، سافٹ ٹینس، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، ٹرائیتھلون، والی بال، ریسلنگ اور ووشو شامل ہیں۔

پاکستان نے اس سے قبل18ایشین گیمز میں شرکت کی ہے اور اس نے مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر207میڈلز جیتے ہیں، جن میں سونے کے44، چاندی کے64اور کانسی کے99تمغے شامل ہیں۔ پاکستان کی بہترین کارکردگی1962کی جکارتہ ایشین گیمز میں رہی ہے، جس میں پاکستان نے8گولڈ،11سلور اور9برانز میڈلز جیتے تھے۔
پاکستان ایشین گیمز فیڈریشن کے پانچ بانی ارکان میں شامل ہے۔ اس تنظیم کا قیام نئی دہلی میں1949میں عمل میں آیا تھا۔ یہ تنظیم1981میں ختم کر دی گئی تھی اور اس کی جگہ اولمپک کونسل آف ایشیا نے لے لی تھی۔
گزشتہ دو ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی غیر متاثرکن رہی ہے اور پاکستان2018میں چار جبکہ2022میں تین میڈلز جیت سکا۔ پاکستان نے آخری بار ایشین گیمز میں2014میں گولڈ میڈل جیتا تھا اور یہ سونے کا تمغہ بھی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے حاصل کیا تھا۔ پاکستان اسپورٹس کے حکام کو امید ہے کہ ان کے دستے میں انتہائی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو اپنے ملک کے لیے تمغے جیت کر نام روشن کریں گے۔
باکسنگ میں فاطمہ زہرا سے امیدیں
فاطمہ زہرا پاکستانی باکسنگ ٹیم میں انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہیں۔ چار رکنی باکسنگ ٹیم میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ اس دستے کی قیادت سرگودھا سے تعلق رکھنے والی فاطمہ زہرا60کلوگرام کیٹیگری میں کر رہی ہیں، جو میڈل جیتنے کے لیے پاکستان کی بڑی امید اور خواتین ٹیم کی سربراہ ہیں۔ انہوں نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز2026میں60کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی اور باکسنگ میں میڈل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ان کے ساتھ لیاری سے تعلق رکھنے والی ماریہ رند51کلوگرام کیٹیگری میں پہلی بار کسی بڑے ایونٹ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ اس ہونہار باکسر کا تعلق پاکستان آرمی سے ہے۔
مینز55کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے سماما رحمن سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہیں پاکستان میں سب سے زیادہ تکنیکی مہارت رکھنے والا باکسر گردانا جاتا ہے۔
خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے چھ بار کے نیشنل چیمپئن عرفان خان92کلوگرام کیٹیگری میں ایشین گیمز سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کریں گے۔ وہ بھی میڈل کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری عرفان یونس کا کہنا ہے کہ فاطمہ زہرا ہماری سب سے بڑی امید ہیں اور وہ ان شاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔ انہوں نے فیڈریشن کے مالی وسائل کی سنگینی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ قوی امید ہے کہ ہماری باکسنگ ٹیم اس بار ایک دہائی سے جاری تمغوں کے قحط کو ختم کر دے گی۔ ایک کھلاڑی کو بین الاقوامی مقابلے میں بھیجنے پر تقریباً دس لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔
اسحاق بلوچ کا تجزیہ: ٹرانس لیاری باکسنگ کلب کے صدر اور سینئر صحافی اسحاق بلوچ نے نیویارک اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی سطح پر ہمیشہ باکسنگ نے پاکستان کو نیک نامی دی، تاہم پروفیسر انور چودھری کے انتقال کے بعد ہمارے باکسنگ فیڈریشن میں ٹیکنیکل آفیشلز کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ کوچنگ کا معیار سمجھ سے باہر ہے، ٹیم سلیکشن بھی پسند ناپسند کی بنیادوں پر کی جا رہی ہے، اس لیے امید بہت کم ہے کہ پاکستان کا کوئی باکسر، مرد یا خاتون، میڈل ٹیبل تک پہنچ سکے۔
پاکستان نے ایشین گیمز باکسنگ میں آخری بار میڈل2014میں جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں حاصل کیا تھا، جب محمد وسیم نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے پروفیشنل باکسنگ سے ناطہ جوڑ لیا تھا۔
ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم سیمی فائنل اور مینز کرکٹ ٹیم کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
ارشد ندیم بھی پاکستان کی امید
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پاکستان ایتھلیٹکس ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کے علاوہ شجر عباس، محمد یاسر، انصار عباس سمیت مزید چھ ایتھلیٹس دستے میں شامل ہیں۔
ٹینس میں نمائندگی سینئر اسٹارز اعصام الحق قریشی اور عقیل خان کریں گے۔
اصل سوال:کیا12سال بعد گولڈ ملے گا؟
پاکستان کے اسپورٹس حکام کو اس بار کھلاڑیوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں، لیکن اصل چیلنج یہ ہے کہ کیا پاکستان12سال بعد کوئی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔
