نسل کشی کی مارکیٹنگ
جب الزام خود دلیل بن جائے اور ثبوت بعد میں تلاش کیے جائیں
نسل کشی ایک پروڈکٹ بن چکی ہے۔ اسے فروخت کرنا آسان ہے اور پیکج بنانا اس وقت اور بھی آسان، جب الزام یہودیوں پر عائد کیا جا سکے۔
نسل کشی ایک پروڈکٹ بن چکی ہے۔ اس کے ساتھ اپنی مخصوص لغت، تصاویر، نعرے، ماہرین، مظاہرے، کفایہ پہنے طلبہ، مشہور شخصیات اور ایک نامزد مجرم بھی آتا ہے۔ لفظ ’’نسل کشی‘‘ اب کسی دلیل کا نتیجہ نہیں رہا، بلکہ خود دلیل بن گیا ہے۔
اسرائیل اب اس تنظیم کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہا جس نے7اکتوبر2023کو اس کے شہریوں کا قتل عام کیا تھا؛ بلکہ اسرائیل ’’نسل کشی کر رہا ہے‘‘۔ غزہ میں ہلاک ہونے والے افراد اب شہری علاقوں میں ایک مسلح تنظیم کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کے متاثرین کے طور پر نہیں دیکھے جاتے، بلکہ انہیں خودکار طور پر ایک تباہی اور صفایا کرنے کی مہم کا شکار قرار دے دیا جاتا ہے۔
کسی عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے سے پہلے ہی یہ لفظ پلے کارڈز پر آ جاتا ہے۔ جب ایک ہی فیصلہ بار بار دہرایا جائے تو بالآخر ایسا محسوس ہونے لگتا ہے جیسے یہ فیصلہ ثبوت سامنے آنے سے پہلے ہی آ چکا تھا۔
ستمبر2026تک کسی بین الاقوامی عدالت نے یہ فیصلہ نہیں دیا کہ اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں دائر کیا گیا مقدمہ ابھی جاری ہے۔
جنوری2024میں عدالت نے عبوری اقدامات کا حکم دیا تھا، جسے ذرائع ابلاغ کے بعض حصوں میں فوری طور پر ’’مبینہ نسل کشی کے قابلِ قبول ہونے‘‘ یا ’’plausible genocide‘‘ کے فیصلے کے طور پر پیش کیا گیا۔ تاہم اس وقت عدالت کی صدر رہنے والی جوان ڈونوگو نے بعد میں وضاحت کی کہ عدالت نے دراصل یہ قرار دیا تھا کہ فلسطینیوں کو نسل کشی سے تحفظ کا ایک قابلِ قبول حق حاصل ہے؛ عدالت نے یہ فیصلہ نہیں دیا تھا کہ اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کا نسل کشی کا الزام خود قابلِ قبول ثابت ہو چکا ہے۔
مقدمے کے اصل میرٹ پر فیصلہ ابھی باقی ہے۔
نسل کشی کا قانونی مفہوم
مارچ2026میں امریکہ نے باضابطہ طور پر اس کارروائی میں مداخلت کی اور اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے الزام کو مسترد کیا۔ قانونی مسئلہ اتنا پیچیدہ نہیں جتنا اسے بعض اوقات پیش کیا جاتا ہے۔
نسل کشی کا مطلب ’’بہت زیادہ لوگوں کا مارا جانا‘‘، ’’شہروں کا تباہ ہونا‘‘ یا خودکار طور پر ’’جنگی جرائم‘‘ بھی نہیں ہے۔ نسل کشی کے کنونشن کے تحت کسی قومی، نسلی، لسانی یا مذہبی گروہ کو بحیثیت گروہ، مکمل یا جزوی طور پر تباہ کرنے کا مخصوص ارادہ درکار ہوتا ہے۔ صرف ہلاکتوں کی خوفناک تعداد اس ارادے کو ثابت نہیں کرتی۔
70 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کا عدد
یہی وہ مقام ہے جہاں ایک ’’جادوئی عدد‘‘ اس کہانی میں داخل ہوتا ہے۔ جنگ کے دوران فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد اب70ہزار سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ بنیادی ذریعہ اب بھی غزہ کی وزارت صحت ہے، جو حماس کے زیر کنٹرول علاقے میں کام کرنے والی انتظامیہ ہے۔
خبروں میں آنے والے بڑے عدد میں شہریوں اور جنگجوؤں کے درمیان تفریق نہیں کی جاتی۔ یہی عدد خبروں، تقاریر، ریلیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل گردش کرتا ہے۔
تاہم اسی وزارت کی جانب سے شائع کی جانے والی زیادہ تفصیلی فہرستوں میں نام، عمریں اور جنس بھی شامل ہوتی ہے۔ یہ فہرستیں بھی یہ نہیں بتاتیں کہ کون جنگجو تھا اور کون شہری، لیکن ان سے یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ مرنے والوں کا آبادیاتی خاکہ کیا تھا۔
مصنف کے مطابق یہی وہ مقام ہے جہاں عوامی بیانیے میں دراڑ نظر آنا شروع ہوتی ہے۔
مردوں اور بچوں کے بارے میں اعداد و شمار
کئی ماہ تک غزہ سے آنے والے پیغامات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہلاک ہونے والوں کی بہت بڑی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ تاہم مصنف کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کی تفصیلی فہرستوں کے جائزے سے بالغ مردوں کی تعداد خاص طور پر20سے45سال کی عمر کے درمیان، آبادی میں ان کے تناسب سے زیادہ نظر آتی ہے۔
مصنف کے مطابق مئی2024تک شائع شدہ ناموں کے تجزیے سے معلوم ہوا تھا کہ شناخت شدہ ہلاک شدگان میں مردوں کا تناسب45.6فیصد تھا، حالانکہ مجموعی آبادی میں ان کا حصہ اس سے کم ہے۔
مزید آبادیاتی تجزیے میں، جو وزارت صحت کی فہرستوں اور امریکی مردم شماری بیورو کے آبادیاتی اعداد و شمار پر مبنی بتایا گیا ہے، مصنف گیبریئل ایپسٹین کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ2025تک کے اعداد و شمار میں ریکارڈ شدہ ہلاکتوں میں49.3فیصد بالغ مرد تھے۔
اسی تجزیے کے مطابق18سے45سال کی عمر کے افراد میں مردوں کے مارے جانے کی شرح اسی عمر کی خواتین کے مقابلے میں2.85گنا زیادہ تھی۔
مصنف تسلیم کرتا ہے کہ دستیاب اعداد و شمار سے شہریوں اور جنگجوؤں کے درمیان کوئی قطعی تناسب اخذ نہیں کیا جا سکتا، تاہم اس کے مطابق یہ اعداد اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ہلاک ہونے والوں کا ایک نمایاں حصہ اسی آبادیاتی گروہ سے تعلق رکھتا تھا جس میں جنگجوؤں کی اکثریت پائی جاتی ہے۔
’’پروپیگنڈا کی اصل طاقت یہی ہے کہ سب سے آسان اور جذباتی طور پر مؤثر عدد گردش میں لایا جائے، اس یقین کے ساتھ کہ بہت کم لوگ اس کے نیچے موجود تفصیلات کا جائزہ لیں گے۔‘‘
حماس اور شہری انفراسٹرکچر
مصنف کا کہنا ہے کہ مختلف پس منظر رکھنے والے مبصرین کی جانب سے بارہا یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ حماس فوجی مقاصد کے لیے شہری انفراسٹرکچر اور محفوظ مقامات استعمال کرتی ہے اور شہریوں کے درمیان اپنے عسکری ڈھانچے کو قائم کرتی ہے۔
ہسپتال، اسکول، رہائشی علاقے اور زیر زمین نیٹ ورک جنگ کے میدان کا حصہ بن چکے ہیں۔ مصنف کے مطابق اس صورت حال سے وہ بنیادی فوجی سوال پیدا ہوتا ہے جسے ’’نسل کشی‘‘ کا لفظ نظر انداز کر دیتا ہے:ایسی تنظیم کے خلاف جنگ کیسے لڑی جائے جو اپنے فوجی ڈھانچے کو ان لوگوں کے درمیان رکھتی ہے جن کے تحفظ کا وہ دعویٰ کرتی ہے؟
اسرائیلی انخلا کی وارننگز
مصنف کے مطابق اسرائیل نے فون کالز، ٹیکسٹ پیغامات، پمفلٹس، ریکارڈ شدہ وارننگز، انخلا کے راستوں اور انخلا کے احکامات کے ذریعے شہریوں کو خبردار کیا۔
ویسٹ پوائنٹ کے Modern War Institute میں Urban Warfare Studies کے چیئرمین جان اسپینسر کے حوالے سے تحریر میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے ان کے مطالعہ کی گئی اسی نوعیت کی شہری جنگوں کے مقابلے میں زیادہ اقدامات کیے۔
ان کے تجزیے میں غزہ کی غیر معمولی آبادیاتی کثافت، حماس کی جانب سے شہری انفراسٹرکچر کے استعمال اور شہریوں کو شدید لڑائی والے علاقوں سے دور منتقل کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کو شامل کیا گیا۔
مصنف کے مطابق یہ حقیقت ایک ایسی پالیسی کے الزام سے متصادم دکھائی دیتی ہے جس کا مقصد پوری آبادی کو ختم کرنا ہو۔ ان کے استدلال کے مطابق اگر کسی فوج کا مقصد پوری آبادی کو تباہ کرنا ہو تو اسی آبادی کو ان علاقوں سے نکلنے کے لیے بار بار خبردار کرنے پر اتنے وسائل خرچ کرنے کی وضاحت درکار ہوگی جہاں حملے ہونے والے ہوں۔
انفرادی حملوں کا الگ جائزہ لیا جا سکتا ہے اور انفرادی غلطیوں کی تحقیقات بھی ہو سکتی ہیں، لیکن اگر ان تمام احتیاطی اقدامات کو ریکارڈ سے نکال دیا جائے اور صرف ہلاکتوں کی مجموعی تعداد باقی رکھی جائے تو مصنف کے مطابق ارادے سے متعلق اہم شواہد بھی نظر انداز ہو جاتے ہیں۔
کریم خان اور بین الاقوامی فوجداری عدالت
مصنف نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے سابق پراسیکیوٹر کریم خان کے معاملے کو بھی اپنے استدلال کا حصہ بنایا ہے۔ تحریر کے مطابق خان نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں گرفتاری کے وارنٹ طلب کیے، لیکن نسل کشی کا الزام عائد نہیں کیا۔
2026 میں مہدی حسن کے ایک سوال کے جواب میں خان نے کہا کہ پراسیکیوٹر کو عوامی شور کے دباؤ کے تحت نہیں بلکہ شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرنی چاہیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مستقبل میں نسل کشی کے الزامات بھی سامنے آ سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ اگر شواہد موجود ہوں تو کوئی جرم کارروائی کے دائرے سے باہر نہیں۔
اس کے بعد خان کی اپنی اخلاقی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا، جب ایک خاتون ساتھی نے ان پر سنگین جنسی بدسلوکی کے الزامات عائد کیے۔ خان نے ان الزامات کی تردید کی۔ جولائی2026میںICCکے رکن ممالک نے82ووٹوں سے انہیں عہدے سے ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا۔
مصنف واضح کرتا ہے کہ خان کو ریپ کے جرم میں فوجداری طور پر سزا یافتہ قرار نہیں دیا گیا، تاہم ان کے دور میں سامنے آنے والے جنسی بدسلوکی کے معاملے نے بالآخر ان کے ادارہ جاتی زوال میں کردار ادا کیا۔
جنوبی افریقہ کا سیاسی پس منظر
مصنف کے مطابق جنوبی افریقہ کو بھی اس مقدمے کے سیاسی پس منظر کے بغیر نہیں دیکھا جا سکتا۔ تحریر میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی حکمراں افریقن نیشنل کانگریس کے فلسطینی تحریکوں کے ساتھ طویل عرصے سے سیاسی روابط رہے ہیں جبکہ ایران کے ساتھ بھی اس کے قریبی تعلقات ہیں۔
مصنف جنوبی افریقہ کی پارلیمان کے بعض بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھتا ہے کہ پارلیمان نے ایران کو ’’ایک قیمتی اور اسٹریٹجک اتحادی‘‘ قرار دیا اور دونوں ممالک کے قریبی سیاسی، سفارتی اور تجارتی تعلقات کی نشاندہی کی۔
ڈربن2001اور اسرائیل کے خلاف بیانیہ
مصنف اس تاریخ کو غزہ کی جنگ سے کہیں پہلے تک لے جاتا ہے۔ ستمبر2001میں نسل پرستی کے خلاف عالمی کانفرنس ڈربن میں منعقد ہوئی تھی، جس کے بارے میں تحریر کا مؤقف ہے کہ وہ جزوی طور پر اسرائیل کے خلاف ایک سیاسی عدالت میں تبدیل ہو گئی۔
تحریر کے مطابق اس وقت امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے امریکی وفد واپس بلا لیا تھا اور ’’صہیونیت مساوی نسل پرستی‘‘ کے تصور کی واپسی، اسرائیل کو اپارتھائیڈ سے تشبیہ دینے، ہولوکاسٹ کو کم تر دکھانے اور اسرائیل کو خاص طور پر نشانہ بنانے کی مذمت کی تھی۔
اس وقت حماس غزہ پر حکمران نہیں تھی،7اکتوبر کا حملہ نہیں ہوا تھا اور نیتن یاہو پرICCمیں کوئی الزام عائد نہیں ہوا تھا۔ مصنف کے مطابق اس کے باوجود اس فکری بیانیے کا بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی موجود تھا۔
تاریخ اور یادداشت کی جنگ
مصنف کے مطابق اس بیانیے کا پہلا کام تاریخ کو ازسرنو ترتیب دینا ہے۔ اس کے مطابق یہودیوں کو پہلے ان کی تاریخی سرزمین میں ہی ’’غیر ملکی‘‘ ثابت کرنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔
یروشلم، الخلیل، یہودیہ، الجلیل، ٹیمپل ماؤنٹ، قدیم یہودی ریاستیں، مذہبی متون اور آثارِ قدیمہ—مصنف کے مطابق یہ سب کچھ ’’نوآبادیاتی‘‘ جیسے ایک زیادہ مفید سیاسی لفظ کے پیچھے غائب ہو جاتا ہے۔
اس بیانیے میں یہودی کو یورپی، سفید فام اور باہر سے آیا ہوا قرار دیا جاتا ہے، جبکہ اس سرزمین میں یہودی تاریخ کو ایک جدید سیاسی دعوے تک محدود کر دیا جاتا ہے۔
نکبہ، ہولوکاسٹ اور تاریخی موازنہ
اس یادداشت کی جنگ میں ’’نکبہ‘‘ کی اصطلاح نے بھی بڑی اہمیت حاصل کی ہے۔ مصنف تسلیم کرتا ہے کہ یہ اصطلاح1948سے تعلق رکھتی ہے اور اسے ہولوکاسٹ کی نقل کے طور پر ایجاد نہیں کیا گیا تھا۔
تاہم ان کے مطابق نکبہ کے گرد تشکیل پانے والی یادداشت کی ثقافت نے بتدریج دونوں سانحات کو ایک دوسرے کے مقابل رکھ دیا ہے۔ غزہ کا موازنہ آشوٹز سے، فلسطینیوں کا یورپ کے یہودیوں سے کیا جاتا ہے اور پھر اسرائیلیوں کو اس موازنے میں واحد باقی کردار، یعنی ظلم کرنے والے، کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
مہاجرین کے اعداد و شمار
مصنف کے مطابق مہاجرین کا مسئلہ بھی اعداد و شمار کے ذریعے اسی طرح کی تبدیلی پیدا کرتا ہے۔UNRWAنے جب1950میں کام شروع کیا تو تقریباً7لاکھ50ہزار فلسطینی مہاجرین اس کے دائرہ کار میں تھے۔
آجUNRWAکے پاس تقریباً59لاکھ افراد رجسٹرڈ ہیں، کیونکہ اصل مرد مہاجرین کی اولاد اور ان کی نسلیں بھی رجسٹریشن کے لیے اہل ہو سکتی ہیں۔ یہUNRWAکے اپنے قواعد ہیں۔
مصنف کے مطابق آج رجسٹرڈ تقریباً60لاکھ افراد کا عدد اس بات کا مطلب نہیں کہ1948میں60لاکھ افراد کو بے دخل کیا گیا تھا۔
تاہم مصنف کے مطابق اس عدد میں ایک واضح تاریخی گونج موجود ہے: ’’چھ ملین‘‘۔ ان کے مطابق فلسطینی المیے کو دانستہ یا غیر دانستہ طور پر اس عدد کے ساتھ رکھا جاتا ہے جو یورپ کے یہودیوں کی تباہی کی علامت بن چکا ہے۔
یوں نکبہ کا موازنہ ہولوکاسٹ سے، غزہ کا آشوٹز سے اور فلسطینی کا گزشتہ دور کے یہودی سے کیا جاتا ہے۔ پھر کسی ایک فریق کو ظالم کا کردار دینا ضروری ہو جاتا ہے اور مصنف کے مطابق یہ کردار اسرائیلی کے لیے مختص کر دیا جاتا ہے۔
7 اکتوبر کہاں گیا؟
مصنف کے مطابق یہی سوال ہمیں7اکتوبر تک واپس لے جاتا ہے۔ حماس اور دیگر مسلح گروہوں نے اسرائیلی سرحد عبور کی، تقریباً1,200افراد کو قتل کیا، جن میں اکثریت شہریوں کی تھی، اور251افراد کو یرغمال بنا کر لے گئے۔
جنگ اسی حملے کے بعد شروع ہوئی۔ تاہم مصنف کا کہنا ہے کہ مغربی دنیا کے بڑے حصے کے عوامی بیانیے میں وقت کے ساتھ7اکتوبر ایک ’’تکلیف دہ تمہید‘‘ تک محدود ہو گیا اور کہانی کا اصل حصہ اگلی صبح سے شروع ہونے لگا۔
’’نسل کشی‘‘ کا لفظ سیاسی طور پر اس لیے مفید ہے کہ یہ لوگوں کو پوری کہانی سنانے کی ضرورت سے آزاد کر دیتا ہے۔
جنگجوؤں اور شہریوں کے درمیان فرق ختم کر دیں۔ سرنگیں نکال دیں۔ شہری علاقوں میں موجود فوجی انفراسٹرکچر کو نظر انداز کر دیں۔ یرغمالیوں کو بھول جائیں۔ انخلا اور وارننگز کو ہٹا دیں۔ جنگ شروع کرنے والے حملے کو بھی پس منظر میں دھکیل دیں۔
پھر ہلاکتوں کی مجموعی تعداد شہریوں کی مجموعی تعداد بن جاتی ہے، شہریوں کی تعداد ارادے کا ثبوت بن جاتی ہے اور مبینہ ارادہ ایک فیصلے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
ڈربن سے غزہ تک
مصنف کے مطابق ڈربن نے غزہ سے بہت پہلے اس بیانیے کی بنیاد تیار کر دی تھی۔7اکتوبر نے صرف وہ ماحول فراہم کیا جس میں یہ پرانا فکری ڈھانچہ دوبارہ پوری رفتار سے متحرک ہو گیا۔
جنگ کی تصاویر نے باقی کام کیا اور سوشل میڈیا نے انہیں ایسی رفتار سے دنیا بھر میں پہنچایا جس کا ماضی کی کسی پروپیگنڈا مہم میں تصور بھی مشکل تھا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ یہ الزام عدالت تک لے گیا۔
لیکن اس پورے عمل میں ایک بات بھلا دی گئی:ابھی تک کوئی فیصلہ سنایا ہی نہیں گیا تھا۔
اصل مضمون: The Marketing of Genocide
مصنف: Pierre Rehov
تاریخ: 24 ستمبر 2026
نیویارک اُردو: اردو ترجمہ اور تدوین
