آغا کے جھروکے سے، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات
این سی ختم ہوگئی، مگر ممبر این سی سے چیف آپریٹنگ آفیسر تک “ادارہ جاتی یادداشت” ہے یا “ادارہ جاتی تسلسل”؟
(پارٹ ون)
پاکستان فٹبال کی داستان عجیب ہے۔ یہاں ہر چند سال بعد “نارملائزیشن” آتی ہے، جیسے فٹبال کو ہر چند برسوں بعد نئے سرے سے “نارمل” ہونے کی ضرورت پڑتی ہے۔
2019 میں حمزہ خان کی سربراہی میں پانچ رکنی نارملائزیشن کمیٹی آئی۔2021میں کمیٹی بدلی۔2022میں مینڈیٹ پھر بڑھا۔2025میں چیئرمین پھر بدلا۔ اور بالآخر انتخابات ہوئے۔ سوال یہ نہیں کہ کون آیا اور کون گیا۔
سوال یہ ہے چھ سال کی نارملائزیشن کے بعد پاکستان فٹبال کتنا نارمل ہوا؟
2019 میں فیفا نے کہا تھا زیادہ سے زیادہ نو ماہ۔ نو ماہ!کیا خوبصورت، کیا مثالی، کیا رومانی مگر نو ماہ کا سفر چھ سال تک پہنچ گیا۔ گویا فٹبال کے مریض کو نو ماہ کی دوا دی گئی اور وہ چھ سال تک چلتی رہی۔ ڈاکٹر بدلتے رہے، نسخہ وہی رہا۔
2021 میں ہارون ملک چیئرمین بنے۔ ساتھ حارث عظمت، سعود عظیم ہاشمی، محمد شاہد نیاز کھوکھر اور منیر سادھانا شامل تھے۔2022میں فیفا نے پی ایف ایف کی معطلی اٹھانے کے بعد بھی این سی کا مینڈیٹ30جون2023تک بڑھا دیا۔2025میں ہارون ملک کے بعد سعود عظیم ہاشمی چیئرمین بنے۔ آخری مرحلے میں کمیٹی کے تین نام تھے سعود عظیم ہاشمی، محمد شاہد نیاز کھوکھر اور حارث عظمت۔
پھر فروری2025میں فیفا معطلی۔ وجہ پی ایف ایف کانگریس کی طرف سے فیفا/اے ایف سی سے توثیق شدہ آئین کو منظور نہ کرنا۔2مارچ2025معطلی ختم۔ کانگریس نے آئین منظور کرلیا۔ مئی2025میں سید محسن گیلانی پی ایف ایف صدر منتخب ہوئے۔ فیفا نے اسے2015کے بعد پی ایف ایف کا پہلا صدارتی انتخاب قرار دیا۔ یہ سب کاغذی طور پر ٹھیک لگتا ہے۔ آئین ہے، انتخابات ہیں، صدر ہے، فیفا کی تسلیم ہے۔ تو پھر مسئلہ کیا ہے؟
مسئلہ یہ ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی ختم ہوئی، مگر اس کے تسلسل کا سوال ختم نہیں ہوا۔ دستیاب عوامی ریکارڈ اور پی ایف ایف کی اپنی2026کی مواصلات کے مطابق، سابق این سی کے ایک رکن محمد شاہد نیاز کھوکھر آج بھی پی ایف ایف کے انتظامی ڈھانچے میں چیف آپریٹنگ آفیسر کے طور پر موجود ہے۔ وہ2021کی این سی میں تھا،2025کی آخری این سی میں بھی، اور اب منتخب پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر۔ سعود عظیم ہاشمی آخری این سی کے چیئرمین تھے؛ موجودہ فیفا/پی ایف ایف تنظیمی ریکارڈ میں ان کا کوئی واضح عہدہ نہیں ملتا۔ حارث عظمت کا موجودہ عہدہ بھی قابلِ اعتماد سرکاری ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا۔
تو سوال یہ نہیں کہ این سی زندہ ہے یا مردہ۔ این سی تو ختم ہوچکی ہے۔ سوال یہ ہے نارملائزیشن کمیٹی ختم ہونے کے بعد اس کے سابق ارکان میں سے کن کو نئی منتخب پی ایف ایف میں انتظامی یا فیصلہ ساز ذمہ داریاں ملیں، اور ان تقرریوں کا ادارہ جاتی جواز کیا تھا؟
یہ سوال اس لیے اہم ہے کہ جمہوریت صرف انتخابات کا نام نہیں۔ جمہوریت میں تسلسل بھی ہوتا ہے، احتساب بھی اور ادارہ جاتی وقار بھی۔ اگر این سی کا رکن انتخابات کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر بن جائے تو یہ “ادارہ جاتی یادداشت” ہے یا “ادارہ جاتی تسلسل”؟ یہ نیا انتظام ہے یا پرانا پردہ؟ یہ نئی پی ایف ایف ہے یا این سی کا تسلسل؟
کوئی کہے گا فرد کو عہدہ مل سکتا ہے، قابلیت کی بنیاد پر۔ بالکل مگر پھر قابلیت کا معیار، اشتہار، میرٹ، اور انتخاب کا طریقہ کار کیا تھا؟ کیا یہ تقرری شفاف تھی؟ کیا اس کا کوئی تحریری جواز ہے؟ کیا این سی کے فیصلوں کا احتساب ہوا؟ کیا این سی کے دور کی کلب رجسٹریشن، اسکروٹنی، الیکٹورل کوڈ، ڈسٹرکٹ اور پروونشل انتخابات کا آزاد جائزہ لیا گیا؟ اگر نہیں، تو پھر “نارملائزیشن” کا مطلب صرف یہ نکلا کہ غیرمعمولی مدت کو معمول بنا دیا گیا۔
یہ پاکستان کا پرانا کھیل ہے۔ عارضی ادارے مستقل ہو جاتے ہیں۔ عبوری انتظامات دائمی ہو جاتے ہیں۔ نئے چہرے آتے ہیں، پرانے ہاتھ پیچھے رہتے ہیں۔ انتخابات ہوتے ہیں، مگر نظام وہی رہتا ہے۔ صدر بدلتا ہے، آئین بدلتا ہے، کمیٹی بدلتی ہے مگر فٹبال کا بنیادی ڈھانچہ؟ وہیں کا وہیں اور اصل بات یہ ہے فٹبال صرف صدر نہیں۔ فٹبال صرف ایگزیکٹو کمیٹی نہیں۔ فٹبال صرف فیفا میٹنگز، پریس ریلیز، اور عہدوں کی تصویریں نہیں۔
فٹبال تو وہ بچہ ہے جو گلی، محلے، اسکول، کلب اور ڈسٹرکٹ کے میدان میں گیند کے پیچھے بھاگتا ہے۔ اس کے جوتے پھٹے ہیں، مگر خواب بڑے ہیں۔ اس کے پاس ٹرائل کا کوئی پتہ نہیں، کوچ کا کوئی سرٹیفکیٹ نہیں، سلیکشن کا کوئی شفاف راستہ نہیں۔ وہ ہر روز میدان میں آتا ہے، کیونکہ اسے لگتا ہے فٹبال صرف کھیل نہیں، زندگی ہے۔
اصل سوال یہ ہے اس بچے کا راستہ کہاں ہے؟
ڈسٹرکٹ سے پروونشل، پروونشل سے قومی، اکیڈمی سے کلب، کلب سے قومی ٹیم اور ٹیلنٹ سے میرٹ تک۔ اگر یہ راستہ مضبوط نہیں تو آئین کتنا ہی خوبصورت ہو، انتخابات کتنے ہی شفاف ہوں، اور بین الاقوامی کمیٹیوں میں پاکستان کی نمائندگی کتنی ہی بڑھ جائے پاکستان فٹبال کا بنیادی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
چھ سال میں نارملائزیشن ہوئی۔ اب ضرورت ہے فٹبال ڈیولپمنٹ کی۔ اب کمیٹی نہیں، نظام چاہیے۔ اب اعلانات نہیں، گراس روٹس چاہیے۔ اب عہدے نہیں، مستند کوچز چاہیے۔
اب صرف انتخابات نہیں، شفاف کھلاڑی راستہ چاہیے۔ اور اب سب سے بڑھ کر پاکستان فٹبال کو چہروں سے نہیں، نظام سے پہچانا جانا چاہیے۔
چھ سالہ نارملائزیشن کا باب ختم ہوچکا ہے۔ لیکن باب بند ہونے کا مطلب کہانی کا ختم ہونا نہیں۔ اب امتحان شروع ہوا ہے۔ میدان کیا کہتا ہے؟ گراؤنڈ کیا کہتا ہے؟ نوجوان کھلاڑی کیا کہتا ہے؟ اور سب سے بڑھ کر پاکستان فٹبال کا مستقبل کیا کہتا ہے؟
آغا کے جھروکے سے سوال ہنوز باقی ہے۔
اور جب تک یہ سوال باقی ہے، “نارمل” کا دعویٰ ادھورا ہے۔
•
رائے و تجزیہ
