• صفحہ اول
  • اداریہ
  • امریکہ
  • مشرق وسطیٰ
  • یورپ
  • ایشیا
  • بلاگز
  • کالم
  • صفحہ اول
  • اداریہ
  • امریکہ
  • مشرق وسطیٰ
  • یورپ
  • ایشیا
  • بلاگز
  • کالم
تازہ ترین
لبنانی سفارت کار کو امریکا چھوڑنے کا حکم یو اے ای کا دفاعی تیاری اور سفارت کاری پر زور آئزن کوٹ کا⁦19-48⁩اتحاد انتخابی شکست کی وجہ ناقص سیاسی ابلاغ تھا آئرن گیٹ⁦:⁩سیاسی دباؤ یا عملی جنگ امریکی انتخابات کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا مستقبل آئزنکوٹ کی آمد اور اقتدار کی بساط اسرائیلی معاونت کے امریکی مفادات
لبنانی سفارت کار کو امریکا چھوڑنے کا حکم یو اے ای کا دفاعی تیاری اور سفارت کاری پر زور آئزن کوٹ کا⁦19-48⁩اتحاد انتخابی شکست کی وجہ ناقص سیاسی ابلاغ تھا آئرن گیٹ⁦:⁩سیاسی دباؤ یا عملی جنگ امریکی انتخابات کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا مستقبل آئزنکوٹ کی آمد اور اقتدار کی بساط اسرائیلی معاونت کے امریکی مفادات
Home » ماحولیاتی اولمپیاڈ⁦:⁩پاکستانی نوجوانوں کا اعزاز
ایشیا

ماحولیاتی اولمپیاڈ⁦:⁩پاکستانی نوجوانوں کا اعزاز

نیوز ایڈیٹرBy نیوز ایڈیٹراکتوبر 13, 2026Updated:اکتوبر 13, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔10 Mins Read
Share Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Reddit Telegram Email WhatsApp
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email WhatsApp
تعلیم، سائنس اور ماحولیات

روس میں ماحولیاتی اولمپیاڈ⁦:⁩پاکستانی طلبہ طلائی تمغہ جیت گئے

کراچی گرامر اسکول کے چار نوجوانوں کی غیرمعمولی کارکردگی، شرکا متاثر ہوئے؛ سوچی اور کراچی کو مشترکہ ماحولیاتی مسئلے سے جوڑ کر درجہ حرارت کا تجزیہ کیا گیا
نصیر احمد

تحریر⁦:⁩نصیر احمد
نیویارک اردو⁦|⁩خصوصی رپورٹ

پاکستانی طلبہ نے روس کے شہر سوچی میں منعقدہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ فار کلائیمیٹ چینج اینڈ انوائرنمنٹ (IOCE 2026) میں گولڈ میڈل سمیت متعدد انفرادی اعزازات حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا۔ کراچی گرامر اسکول سے تعلق رکھنے والے چار باصلاحیت طلبہ پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے ماحولیات سے متعلق بہترین ٹیم پروجیکٹ پر سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ انفرادی کارکردگی میں شرائم دانش کالیا نے چاندی اور محمد آذان خرم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ عبداللہ صدیقی نے نظریاتی مرحلے میں امتیازی سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

روسی ماحولیاتی اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ ماحولیاتی اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ کی کارکردگی

سوچی میں عالمی سطح کا سائنسی مقابلہ

انٹرنیشنل اولمپیاڈ فار کلائیمیٹ چینج اینڈ انوائرنمنٹ کا انعقاد روسی فیڈریشن کے شہر سوچی کے قریب سائرس فیڈرل ٹیریٹری کی سائرس یونیورسٹی میں⁦20⁩سے⁦29⁩ستمبر تک ہوا۔ اس اولمپیاڈ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے انتخاب کے لیے مختلف ملکوں میں مقابلوں، تربیت اور انتخابی مراحل کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ شرکا کی عمر عموماً⁦14⁩سے⁦18⁩سال ہوتی ہے، جبکہ ہر ملک کی ٹیم میں دو سے پانچ ارکان شامل ہوسکتے ہیں۔ طلبہ کو نظریاتی اور عملی، دونوں مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

دنیا کے مختلف ملکوں میں اس اولمپیاڈ کے لیے ٹیم منتخب کرنے کی غرض سے ملک گیر مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو منتخب کیا جاتا ہے۔ تاہم پاکستان میں ایسا باقاعدہ قومی انتخابی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔

پاکستان میں قومی سطح کے انتخابی مقابلوں کی ضرورت

اولمپیاڈ⁦2026⁩میں شریک طالب علم محمد آذان خرم نے نیویارک اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش میں اس ایونٹ میں شرکت کے لیے پانچ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے بعد پانچ رکنی ٹیم منتخب کی گئی۔ ان کے مطابق بھارت، قطر اور دیگر ملکوں میں بھی قومی سطح کے مقابلوں کے ذریعے اولمپیاڈ کے لیے طلبہ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

آذان خرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی ملک گیر مقابلوں کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ طلبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بہترین ٹیم شفاف اور منظم طریقے سے منتخب کی جاسکے۔

پاکستانی طلبہ کا سائنسی منصوبہ ماحولیاتی تحقیق اور بین الاقوامی مقابلہ

ٹیم مقابلے میں پاکستان کا طلائی تمغہ

ماحولیاتی اولمپیاڈ کے ٹیم مقابلے میں روس اور پاکستان نے گولڈ میڈل جیتے۔ روس نے⁦76.6⁩جبکہ پاکستان نے⁦75.1⁩پوائنٹس حاصل کیے۔ زمبابوے نے چاندی، جبکہ قطر اور بھارت نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔

انفرادی مقابلوں میں بنگلہ دیش کے ابو محزورہ ایمان نے ماحولیاتی مسائل کے مرحلے میں⁦100⁩فیصد پوائنٹس حاصل کرکے گولڈ میڈل جیتا۔ اسی کیٹیگری میں روس اور زمبابوے کے طلبہ نے بھی سونے کے تمغے حاصل کیے، جن کے اسکور بالترتیب⁦99⁩اور⁦98⁩رہے۔

پاکستان کے شرائم دانش کالیا سمیت پانچ ملکوں کے طلبہ نے انفرادی کارکردگی پر چاندی کے تمغے حاصل کیے، جبکہ محمد آذان خرم سمیت مختلف ملکوں کے⁦12⁩طلبہ نے کانسی کے تمغے جیتے۔ پاکستان کے عبداللہ صدیقی غنی سمیت آٹھ طلبہ کو سرٹیفکیٹ آف میرٹ سے نوازا گیا۔

کراچی اور سوچی⁦:⁩ایک مشترکہ ماحولیاتی مسئلہ

پاکستانی ٹیم کے منصوبے کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ اس نے دو مختلف شہروں، کراچی اور سوچی، کو مشترکہ ماحولیاتی مسئلے کے ذریعے جوڑا۔ طلبہ کے مطابق ان کا منصوبہ شہری درجہ حرارت اور شدید گرمی میں کمی لانے پر مرکوز تھا۔ اس مقصد کے لیے ماحولیاتی اعداد و شمار، مشینی تعلیم اور مقامی موسمیاتی نمونوں کی مدد سے جائزہ لیا گیا کہ درختوں کے سایہ دار رقبے میں اضافہ اور سورج کی روشنی منعکس کرنے والی ٹھنڈی چھتوں کا استعمال شہری گرمی کے جزیرے کے اثرات کم کرنے میں کس حد تک معاون ہوسکتا ہے۔

کراچی اور سوچی کے درجہ حرارت کا تقابلی مطالعہ ماحولیاتی منصوبے پر پاکستانی طلبہ کی تحقیق

کراچی گرامر اسکول کے طلبہ نے بتایا کہ ان کے منصوبے کو ججوں، روسی وفود اور منتظمین نے خاص طور پر سراہا، کیونکہ اس تحقیق کا تعلق ان کے اپنے ماحول اور مقامی حالات سے بھی تھا۔ کراچی اور سوچی کے اعداد و شمار شامل ہونے کی وجہ سے شرکا نتائج کو اپنے گردوپیش کے ماحول سے جوڑ سکتے تھے۔

طلبہ کے مطابق بعض منتظمین نے دوسرے شرکا کو ان کے منصوبے کی میز پر آنے کی ترغیب دی اور خاص طور پر سوچی کے مقامی اعداد و شمار کے استعمال کو نمایاں کیا۔ پاکستانی طلبہ کے لیے یہ ایک حوصلہ افزا تجربہ تھا کہ ان کی تحقیق دوسرے ملک کے لوگوں کو بھی اپنے ماحول کے بارے میں سوچنے اور سوالات اٹھانے پر آمادہ کررہی تھی۔

ٹیم کو اپنے بہترین منصوبے پر اوزون لمیٹڈ پارٹنرز ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ طلبہ نے اسے اپنے لیے ایک قابلِ فخر اور یادگار لمحہ قرار دیا۔

سائنس، تحقیق اور ٹیم ورک کا امتحان

آذان خرم نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے نوجوان سائنس دانوں کے ساتھ مقابلہ کرنا اور پاکستان کے لیے تمغے جیتنا ان کے لیے بڑا اعزاز تھا۔ ان کے مطابق ٹیم کی دلچسپی صرف نصابی علم تک محدود نہیں تھی، بلکہ وہ اس بات کو سمجھنا چاہتے تھے کہ سائنس کے مختلف شعبے کس طرح ایک دوسرے سے جڑتے ہیں اور سائنسی تحقیق دنیا کے حقیقی مسائل کے حل میں کیسے مدد دے سکتی ہے۔

ان چار طلبہ نے اپنی مدد آپ کے تحت اولمپیاڈ کے لیے رجسٹریشن کروائی اور خود کو سخت بین الاقوامی مقابلے کے لیے تیار کیا۔ ان کی دلچسپیاں مختلف شعبوں سے وابستہ تھیں، جبکہ ٹیم کے دو ارکان نے کیمسٹری اور بیالوجی نہیں پڑھی تھی۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنی معلومات، تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیم ورک کا مؤثر مظاہرہ کیا۔

بین الاقوامی سائنسی اولمپیاڈ میں طلبہ کی شرکت ماحولیاتی سائنس اور نوجوان محققین

عبداللہ صدیقی نے نیویارک اردو کو بتایا کہ انہیں جون میں اس اولمپیاڈ کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر کارل پی لینڈر نے ایونٹ کا اشتہار شیئر کیا۔ طلبہ نئے چیلنج میں اپنی صلاحیتیں آزمانا چاہتے تھے اور یہ دیکھنے کے خواہش مند تھے کہ وہ بین الاقوامی سطح کے مقابلے میں کیسی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

شرائم دانش کالیا کے مطابق یہ روایتی امتحان نہیں تھا، بلکہ اس میں نظریاتی علم کے ساتھ عملی، میدانی اور تجربہ گاہی سرگرمیاں، ماحولیاتی اعداد و شمار کا تجزیہ اور بین الشعبہ جاتی ٹیم منصوبہ بھی شامل تھا۔ نظریاتی مرحلے میں ماحولیاتی سائنس، موسمیاتی کیمسٹری، حرارتی حرکیات، ماحولیاتی نظام اور کاربن کے چکر جیسے موضوعات زیرِ مطالعہ آئے۔

نوجوانوں کی تحقیق اور ماحولیاتی مستقبل

سوچی کے سائرس فیڈرل ٹیریٹری میں منعقدہ تیسرے انٹرنیشنل اولمپیاڈ فار کلائیمیٹ چینج اینڈ انوائرنمنٹ میں پہلی بار کیریبین، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا کے⁦14⁩ملکوں سے تعلق رکھنے والے⁦80⁩سے زائد نوجوانوں، محققین اور سرپرستوں نے شرکت کی۔ ان ملکوں میں روس، پاکستان، بنگلہ دیش، کوسٹا ریکا، زمبابوے، قطر، بھارت، میانمار، الجزائر، ترکی، کیوبا، ابخازیا، نائیجیریا اور ازبکستان شامل تھے۔

شرکا کی صلاحیتوں کو کثیرالشعبہ جاتی نظریاتی امتحانات، بایوسفیئر لیبارٹری کی جانچ اور سوچی نیشنل پارک و قفقاز کے محفوظ قدرتی علاقوں میں میدانی جائزوں کے ذریعے پرکھا گیا۔ ایونٹ میں موسمیاتی سفارت کاری کی تربیت بھی شامل تھی، جس کا مقصد نوجوان ماہرین کو مستقبل میں بین الاقوامی مذاکرات اور موسمیاتی تعاون کے لیے تیار کرنا تھا۔

اولمپیاڈ میں مختلف ملکوں کی ٹیموں نے اپنے تحقیقی منصوبے پیش کیے۔ پاکستانی ٹیم نے مصنوعی ذہانت اور ماحولیاتی اعداد و شمار کی مدد سے کراچی اور سوچی میں درجہ حرارت اور شہری گرمی کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ طلبہ نے شجرکاری، سرسبز مقامات اور دیگر قابلِ عمل اقدامات کے ذریعے شہری درجہ حرارت کم کرنے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔

الجزائر کی ٹیم نے زراعت میں مدد دینے کے لیے ایک پروٹوٹائپ ڈیوائس پیش کی، جبکہ کوسٹا ریکا کی ٹیم نے بایوپلاسٹک کی ری سائیکلنگ سے متعلق اپنا تصور پیش کیا۔ علمی سرگرمیوں کے ساتھ شرکا کو روس کی ثقافت، دست کاری، مقامی مقامات اور تعلیمی اداروں سے متعارف کرانے کے لیے بھی پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔

اساتذہ کی رہنمائی اور مسلسل محنت

محمد گردیزی نے نیویارک اردو کو بتایا کہ کیمیا کے استاد بہروز عیسیٰ نے منصوبے کی تیاری کے دوران ٹیم کی بھرپور رہنمائی اور سرپرستی کی۔ انہوں نے طلبہ کو اولمپیاڈ کے مختلف مراحل سمجھانے، منصوبے کو بہتر بنانے اور مقابلے کے دوران حوصلہ افزائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد گردیزی کے مطابق منصوبے کی تیاری کے لیے پوری ٹیم نے طویل مطالعاتی نشستیں کیں اور رات گئے تک کام کیا، جبکہ معمول کی پڑھائی بھی جاری رہی۔ ٹیم ورک نے انہیں ایک دوسرے کے خیالات پر غور کرنے، مختلف صلاحیتوں کو یکجا کرنے اور اپنے منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کے قابل بنایا۔

عبداللہ صدیقی کا کہنا تھا کہ اولمپیاڈ میں شرکت نے انہیں ماحولیاتی مسائل کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے کا موقع دیا۔ ان کے لیے سب سے اہم پہلو یہ تھا کہ وہ عالمی ماحولیاتی مسئلے کو اپنے شہر کراچی کے ساتھ جوڑ سکے اور یہ جان سکے کہ سائنسی اعداد و شمار اور ٹیکنالوجی مقامی مسائل کے عملی حل میں کس طرح معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

پاکستان میں باصلاحیت طلبہ کے لیے مواقع پیدا کیے جائیں

کراچی گرامر اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر کارل پی لینڈر نے اپنے طلبہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا اور قومی پرچم بلند کیا۔ ان کے مطابق پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں؛ ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع، مناسب تربیت اور تحقیق کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے روسی قونصل جنرل آندرے وکٹورووچ فیدرو نے پاکستانی طلبہ کو اولمپیاڈ میں تمغے جیتنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف خطوں سے نوجوانوں کی شرکت ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں بڑھتے ہوئے شعور کی عکاسی کرتی ہے، اور روس مستقبل میں بھی ایسے مواقع کی حمایت جاری رکھے گا جہاں نوجوان ماحولیاتی بہتری، آلودگی میں کمی اور درجہ حرارت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنے منصوبے پیش کرسکیں۔

کامیابی سے آگے⁦:⁩ایک قومی تعلیمی پالیسی کی ضرورت

پاکستانی طلبہ کی یہ کامیابی محض تمغے جیتنے کی کہانی نہیں، بلکہ اس صلاحیت کا ثبوت ہے جو مناسب مواقع، تحقیق، محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے سامنے آسکتی ہے۔ ان نوجوانوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت منوائی اور کراچی جیسے شہر کے ماحولیاتی مسئلے کو عالمی سائنسی مکالمے کا حصہ بنایا۔

حکومتِ پاکستان، بالخصوص وزارتِ تعلیم، کو چاہیے کہ وہ ایسے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے ملک گیر انتخابی مقابلوں کا باقاعدہ نظام قائم کرے۔ منتخب طلبہ کی تربیت، سائنسی سرپرستی، تحقیقی وسائل اور بین الاقوامی نمائندگی کے لیے مستقل پالیسی بنائی جائے، تاکہ مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے باصلاحیت نوجوانوں کو بھی آگے بڑھنے کا یکساں موقع مل سکے۔

ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی سائنسی سوچ اور عملی تحقیق انتہائی اہم ہے۔ پاکستان کے طلبہ کی یہ کامیابی اس امید کو تقویت دیتی ہے کہ اگر انہیں مناسب رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اپنے معاشرے اور دنیا کے حقیقی مسائل کے حل میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

نصیر احمد

نصیر احمد
نیویارک اردو⁦|⁩تعلیم، سائنس اور ماحولیات
Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Email WhatsApp
Previous Articleسعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرے، نیٹو میں شامل ہو⁦:⁩تجویز
Next Article لالہ یوسف مستی خان کی چوتھی برسی
نیوز ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

ایشیا

اختلاف، آزادی اور جنوبی ایشیا

نومبر 8, 2026
خصوصی رپورٹ

ایران کی جوہری پیشکش، ہیگستھ کا⁦350⁩ارب ڈالر کا مطالبہ

نومبر 7, 2026
ایشیا

جنوبی ایشیا کو امن کی ضرورت

نومبر 6, 2026
Add A Comment

Comments are closed.

اہم ترین

پاکستان⁦:⁩عالمی دہشت گردی کے بحران کا مرکز، ایک بار پھر

جولائی 31, 2026880 Views

زبان کا ذائقہ دل اور دماغ دونوں کے لیے خطرہ

اکتوبر 11, 2026227 Views

لو ہم آگئے

جولائی 31, 2026223 Views
سوشل میڈیا
  • Facebook
  • YouTube
  • Twitter
  • Instagram
نقطہ نظر
85
مشرق وسطیٰ

حوثیوں کی پیدا کردہ مشکلات کے خاتمے کا وقت آ گیا، تیل کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان⁦:⁩رشاد العلیمی

نیوز ایڈیٹرجولائی 21, 2026 مشرق وسطیٰ
85
فیچرڈ

برطانیہ کی حوثیوں کی سعودی عرب کو دھمکیوں کی مذمت، ریاض سے مکمل یکجہتی کا اعلان

نیوز ایڈیٹرجولائی 21, 2026 فیچرڈ
8.9
صفحہ اول

امریکہ اور خلیجی شراکت دار ایران کی جارحیت کے مقابلے میں متحد ہیں، ایلیسن ہوکر

نیوز ایڈیٹرجولائی 19, 2026 صفحہ اول
مقبول ترین

پاکستان⁦:⁩عالمی دہشت گردی کے بحران کا مرکز، ایک بار پھر

جولائی 31, 2026880 Views

زبان کا ذائقہ دل اور دماغ دونوں کے لیے خطرہ

اکتوبر 11, 2026227 Views

لو ہم آگئے

جولائی 31, 2026223 Views
اہم ترین

لبنانی سفارت کار کو امریکا چھوڑنے کا حکم

نومبر 10, 2026

یو اے ای کا دفاعی تیاری اور سفارت کاری پر زور

نومبر 10, 2026

آئزن کوٹ کا⁦19-48⁩اتحاد

نومبر 9, 2026

سبسکرائب کریں

ادارہ کی شرائط و ضوابط اور پرائیویسی پالیسی کی پابندی ہو گی۔

شکریہ! اپنی سبسکرپشن کی تصدیق کے لیے اپنا ای میل اِن باکس یا اسپیم فولڈر چیک کریں۔

© 2026 NYURDU
  • صفحۂ اول
  • ٹیم
  • رابطہ کریں
  • NYURDU بارے

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.