سندھ سے بگ ایپل تک
نیویارک کی آرٹ گیلریاں
|
تحریر: تاشفین رضوان
نیویارک کو اگر آرٹ کا عالمی مرکز کہا جائے تو شاید غلط نہ ہوگا۔ آج کا احوال فنونِ لطیفہ کے گرد گھومتا ہے۔
ابتدا ہی سے آرٹ نے دولت مند طبقے کی دلچسپی حاصل کی ہے۔ قدیم زمانے میں بڑے بیوپاری اپنی دولت ہیرے، جواہرات اور قیمتی اشیا میں محفوظ رکھتے تھے، مگر وقت کے ساتھ سوچ بدلتی گئی۔ اب آرٹ بھی قدیم نوادرات(Antiques)اور قیمتی اثاثوں کے زمرے میں شمار ہوتا ہے، اور دنیا کے صاحبِ ثروت لوگ اپنے سرمائے کا ایک حصہ فن پاروں میں منتقل کرنے لگے ہیں۔
لیکن اس پورے منظرنامے میں گلیمر، نمود و نمائش اور اسٹیٹس سمبل کی اہمیت بھی کم نہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ آرٹ کی دنیا کا ایک بڑا نظام آرٹ ڈیلر کے گرد گردش کرتا ہے، جہاں تخلیق، شہرت، سرمایہ اور مارکیٹ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
نیویارک میں آرٹ گیلریوں کے میرے سفر کا آغاز کراسنگ آرٹ گیلری (Crossing Art Gallery) سے ہوا۔
آج مینہٹن، نیویارک میں ایک آرٹ نمائش کا افتتاح تھا۔ میرے دوست فرینک گلا نے مجھے مدعو کیا تھا۔ معروف فنکارہ اولگا سپیگل (Olga Spiegel) کے کام کی نمائش تھی۔ وہاں ممتاز مصوروں، آرٹ کیوریٹرز اور کلیکٹرز سے ملاقات کا موقع ملنا تھا، جبکہ کئی نامور فنکاروں سے تبادلۂ خیال کی بھی توقع تھی۔
"پھر تو آپ کو ضرور جانا چاہیے!”
سہیل نے بھی اثبات میں سر ہلایا:
"بالکل، یہ ایک اچھا موقع ہے۔ وہاں آپ کی شرکت اور فنکاروں سے مکالمہ آپ کے فنی سفر میں ایک سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔”
پھر سہیل نے مجھ سے پوچھا:
"تاشفین بھائی، آخر کون سا خواب آپ کو نیویارک کھینچ لایا؟”
میں نے کہا:
"میری ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ میرے فن پارے دنیا کے بڑے آرٹ مراکز میں نمائش کے لیے پیش کیے جائیں۔ میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ ایک روز میری تخلیقات میوزیم آف ماڈرن آرٹ(MoMA)، نیویارک میں دنیا کے عظیم مصوروں کے شانہ بشانہ آویزاں ہوں۔
آپ میرے فن کے معیار کا موازنہ پکاسو، صادقین، فرانسس بیکن، ولفریڈو لام اور جارج کونڈو جیسے آرٹسٹوں کے اسلوب اور آرٹ کے تناظر میں زیادہ اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ اگرچہ کمی ہے تو ان آرٹ ناقدین تک رسائی کی۔”
مجھے آج بھی فرانسیسی آرٹ ہسٹورین پال پرائسٹلے کے کہے ہوئے وہ جملے یاد ہیں:
"تاشفین، تمہارا کام دل کو چھو لینے والا ہے۔ محنت جاری رکھو، تم فن کے اس اعلیٰ مقام پر ضرور کامران ہوگے۔”
میں نے اپنا پورٹ فولیو سنبھالا اور دوستوں سے مینہٹن کے چیلسی آرٹ ڈسٹرکٹ کا راستہ دریافت کرکے نکل پڑا۔
سب وے اسٹیشن پر پہنچا تو بڑی بڑی ڈیجیٹل اسکرینیں، مختلف روٹس کی ہدایات اور برق رفتاری سے دوڑتی ٹرینیں ایک عجیب منظر پیش کر رہی تھیں۔ میں چند لمحوں تک دل تھامے انسانی ہجوم اور ان برق رفتار ٹرینوں کو دیکھتا رہا۔
میں نے دیکھا کہ لوگ اپنا کارڈ یا فون مشین کے قریب لاتے، اسے ٹیپ کرتے اور بغیر کسی توقف کے دروازوں سے گزر جاتے۔ میں نے بھی مشین سے اپنا اومنی کارڈ (OMNY Card) حاصل کیا اور سفر کا آغاز کیا۔
اسٹیشن پر ٹرینیں ہوا سے باتیں کرتی ہوئی گزر رہی تھیں۔ میں انتظار میں تھا کہ مینہٹن جانے والی ٹرین کب آئے گی۔ ابھی یہی سوچ رہا تھا کہ ایم ٹرین (M Train) نمودار ہوئی اور میں اس میں سوار ہوگیا۔
نیویارک:ایک چلتا پھرتا کینوس
ٹرین کے اندر ایک الگ ہی کائنات آباد تھی۔
مجھے یوں محسوس ہوا جیسے پورا نیویارک معاشرہ اس چھوٹے سے ڈبے میں سمٹ آیا ہو۔ ایک طرف حسین ماڈل لڑکیاں تھیں تو دوسری جانب ایک ادھیڑ عمر شخص؛ کوئی دفتر جانے والا نوجوان تھا، کسی کے ہاتھ میں کافی کا مگ، کسی کے کانوں میں ہیڈ فونز، اور کسی کونے میں ایک مفلوک الحال انسان اپنی ہی دنیا میں گم، اس ہجوم سے بے نیاز بیٹھا تھا۔
مختلف نسلوں اور قومیتوں کے لوگ سفر میں شریک تھے۔ امریکی، سیاہ فام امریکی، ہندوستانی، چینی؛ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے انسانی تہذیبوں اور رنگوں کی ایک پوری دنیا اس مختصر سے سفر میں میرے ساتھ چل رہی ہو۔
"نیویارک مجھے ایک کینوس کی مانند لگا، جہاں ہر انسان اپنی اپنی رنگت بھر رہا تھا۔”
مینہٹن
جب ٹرین سے باہر قدم رکھا تو شہر کی چکاچوند دیکھ کر ایک لمحے کے لیے دنگ رہ گیا۔
میں نے خود کو سنبھالا اور دل ہی دل میں کہا:
"میں واقعی نیویارک، مینہٹن میں ہوں!”
میں اپنی منزل، کراسنگ آرٹ گیلری، کی جانب بڑھا۔ میرے ہاتھ میں پورٹ فولیو تھا اور ذہن میں بے شمار سوالات۔
میں خود کو محض ایک سیاح نہیں، بلکہ وادیٔ سندھ اور موہنجو دڑو کی تہذیب کا سفیر محسوس کر رہا تھا، جو پورے اعتماد کے ساتھ اس عالمی آرٹ مرکز کی جانب بڑھ رہا تھا۔
اس لمحے جب میں نے مغربی تاریخ کو اپنی تہذیب اور ثقافت کے ساتھ رکھ کر دیکھا تو کہانی بہت مختصر سی محسوس ہوئی—چند صدیوں تک کی داستان؛ ہمارے جیسے امن پسند، نفیس لوگوں کے وسائل سے مالا مال ہونا اور پھر ہمیں کم فہم یا غیر مہذب قرار دینا…واہ!
لیکن اس میں قصور صرف ان کا بھی نہیں تھا۔ کچھ قصور ہمارا اپنا بھی ہے کہ ہم نے اپنی اقدار، اپنی روایات اور اپنے تاریخی ورثے کو فراموش کر دیا؛ وہ ورثہ جو کبھی موہنجو دڑو سے لے کر علم کے گہوارے نالندا درس گاہ تک پھیلا ہوا تھا، جو علم و فن کا عالمی مرکز ہوا کرتی تھی۔
پھر قدرتی آفات ہوں یا بختیار خلجی جیسے جنگجو، جنہوں نے انا کی خاطر نالندا درس گاہ کو جلا دیا۔ تاریخ دان لکھتے ہیں کہ کئی دن تک آگ جلتی رہی اور بے شمار نایاب، انسانی ہاتھ سے لکھی ہوئی کتابیں اس آگ کی نذر ہوتی رہیں۔ میں آج بھی اس آگ کی حدت محسوس کر رہا ہوں۔
میں اپنے سندھ کی تہذیب اور اس کے ثقافتی ورثے کی نمائندگی فن کے ذریعے کر رہا ہوں۔ یہ احساس میرے سر کو فخر سے بلند کر دیتا ہے۔

میں اس قدر پرجوش تھا کہ شام پانچ بجے ہی کراسنگ آرٹ گیلری جا پہنچا، حالانکہ افتتاح کا وقت چھ بجے مقرر تھا۔
میں نے گیلری اور اس کے اردگرد کی گلیوں کا چکر لگایا، لوگوں کے تیور دیکھے اور نیویارک کی اصل روح کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔
جب گیلری میں قدم رکھا تو میرے دوست فرینک گلا سے ملاقات ہوئی۔
"تاشفین، واہ!تم سے مل کر بہت خوشی ہوئی!”
ہم کچھ دیر نمائش اور نیویارک کے بدلتے ہوئے آرٹ منظرنامے پر گفتگو کرتے رہے۔
میرے اردگرد مصوروں، قلم کاروں اور پریس کے نمائندوں کا جم غفیر اکٹھا ہو رہا تھا۔
جوں ہی میں مرکزی ہال میں داخل ہوا، میری نگاہیں نامور آرٹسٹ اولگا سپیگل پر پڑیں، جو سامنے موجود تھیں۔
84 برس کی عمر میں بھی ان کے اندر ایک طلاطم خیز تخلیقی توانائی موجود تھی۔ وہ محض اپنے کام کی نمائش کرنے والی فنکارہ نہیں لگ رہی تھیں، بلکہ اپنے طویل فنی سفر کی ایک جیتی جاگتی تاریخ محسوس ہو رہی تھیں۔
فرینک گلا نے میرا تعارف کرایا:
"اس نوجوان فنکار سے ملیے۔ یہ بے پناہ تخلیقی صلاحیتوں کا حامل ہے، جو کیوبسٹ ایبسٹریکشن اور نیو ایکسپریشنزم کے رنگوں میں کمال کے پورٹریٹ تخلیق کرتا ہے۔”
میں نے آگے بڑھ کر کہا:
"آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی، اولگا سپیگل!”
میں نے اپنا پورٹ فولیو دکھایا۔ وہ کافی دیر تک میرے کام کو دیکھتی رہیں۔ پھر بولیں:
"تمہارا کام متاثر کن ہے۔ بہت خوب!”
یہ چند کلمات میرے فن کے لیے کسی سندِ اعزاز سے کم نہ تھے۔ ایک ایسی فنکارہ کی زبان سے، جو کئی دہائیوں سے نیویارک کی آرٹ دنیا میں اپنی شناخت اور اعلیٰ مقام حاصل کیے ہوئے تھیں، میرے کام کی تحسین میرے لیے حوصلہ بڑھانے اور اپنے فنی سفر پر یقین کو مزید گہرا کرنے کے مترادف تھی۔
آخر میں انہوں نے کہا:
"ہم ہفتے کے روز تفصیلی ملاقات کریں گے۔ آج میری نمائش کی اوپننگ تقریب ہے، لہٰذا ساری توجہ نمائش پر ہے۔”
میں نے جواب دیا:
"بالکل، مجھے بہت خوشی ہوگی۔”
افتتاح کا آغاز ہوا تو گیلری میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی۔
ہر شائق اپنے اپنے زاویے سے اولگا کے فن کو پرکھ رہا تھا۔ میں نے شدت سے محسوس کیا کہ نیویارک میں آرٹ کی قدر اور اس کی تحسین کا انداز کتنا منفرد ہے۔
یہاں مصوری محض دیواروں پر ٹنگی ہوئی بے جان اشیا نہیں تھی؛ وہ سوالات اٹھا رہی تھی۔
لوگ کسی فن پارے کے سامنے رک کر باہم گفتگو کر رہے تھے:
- "یہ رنگ یہاں کیوں استعمال ہوا ہے؟”
- "آپ کے نزدیک مصورہ اس زاویے سے کیا کہنا چاہتی ہے؟”
- "یہ کام اس کے پچھلے کام سے کیسے مطابقت رکھتا ہے؟”
میں خاموشی سے ان کی باتیں سنتا رہا۔ میرے لیے یہ کسی درس گاہ سے کم نہ تھا۔
افتتاح کے دوران ایک میکسیکن کیوریٹر بھی وہاں موجود تھے، جو شائقین سے محوِ گفتگو تھے۔ جب میں ایک کونے میں کھڑا تھا تو وہ میرے پاس آئے اور کہنے لگے:
"جب اگلی بار آنا تو ضرور ملنا، ہم تفصیل سے گفتگو کریں گے۔”
میں نے اثبات میں سر ہلاتے ہوئے کہا:
"بلاشبہ، مجھے دلی مسرت ہوگی۔”
پینل ٹاک
شام کا ایک انتہائی وقیع حصہ پینل ٹاک تھا، جس میں آرٹ گیلری سائیکیڈلک سلوشن کے بانی اور آرٹ نقاد جیکابر کیسٹر (Jacaeber Kastor)، اور گیبریل سارٹن بھی موجود تھیں۔
گیبریل سارٹن نے کارلو میک کارمک کے تحریر کردہ متن کے ساتھ اولگا سپیگل کی آرٹ کی کتاب کی تدوین اور اشاعت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس پینل میں نیویارک کے مایہ ناز آرٹ کریٹک اور کیوریٹر کارلو میک کارمک (Carlo McCormick) جیسے قدآور نام بھی شامل تھے۔
میں نے سرتاپا گوش ہو کر ان کی گفتگو سنی اور بعد ازاں ان سے براہِ راست مکالمہ بھی کیا۔ ہم نے آرٹ کی تاریخ، عصرِ حاضر کے رجحانات اور فن کے بدلتے ہوئے مفاہیم پر گفتگو کی۔
نیویارک کی اس فضا میں گفتگو محض پینٹنگ کی تکنیک تک محدود نہیں تھی، بلکہ اس میں فنکار کی زندگی، اس کے تجربات، معاشرے کے لیے اس کی فکریContributionاور اس کے ارتقائی سفر کے تمام پہلو زیرِ بحث آتے تھے۔
اس شام نے مجھ پر یہ حقیقت مزید آشکار کر دی کہ کسی فنکار کا کام صرف کینوس پر موجود لکیروں، رنگوں اور اشکال کا نام نہیں ہوتا؛ وہ اس کی روح کی گہرائیوں، حیات کے ساتھ اس کے تعلق، اس کی فکر اور ان سوالوں کا مجموعہ ہوتا ہے جو وہ اپنے عہد کے سامنے رکھتا ہے۔
نیویارک میں آرٹ گیلریاں ہی میری مرکزِ نگاہ تھیں۔ یہاں آرٹ گیلریوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔
ایک روز ایک آرٹ ایونٹ کے دوران میری ملاقات شُتاو لیاؤ (Shutao Liao) سے ہوئی۔ وہ گزشتہ پچیس برسوں سے تجریدی آرٹ سے وابستہ تھے۔ یہ شناسائی آہستہ آہستہ دوستی میں بدل گئی اور پھر ہم اکثر نمائشوں کے افتتاحی پروگراموں میں ایک ساتھ شرکت کرنے لگے۔
اس روز پیٹزیل گیلری (Petzel Gallery) کا دعوت نامہ موصول ہوا تھا، جہاں ایما ویبسٹر (Emma Webster) کی تصویروں کی نمائش لگی تھی۔ میں نے شُتاو کے ساتھ جانے کا پروگرام بنا لیا۔

جب ہم آرٹ گیلری میں داخل ہوئے تو بڑے بڑے کینوس نگاہوں کے سامنے تھے۔ کہیں حیوانات کی دیوقامت ہیئتیں، کہیں منظر نگاری، تو کہیں انسانوں کے تخیلاتی پیکر؛ ایسے رنگوں اور لکیروں کا امتزاج، جس نے عام فہم زبان کو بھی انتہائی متاثر کن بصری تجربے میں بدل دیا تھا۔
شُتاو نے سوال کیا:
"تمہیں کون سی تصویر سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے؟”
میں نے نگاہیں گھماتے ہوئے جواب دیا:
"اس کام میں جذبے اور احساسات کی کمی ہے۔ تکنیک کا غلبہ زیادہ ہے۔ میری پسند کی شاید یہاں ایک آدھ پینٹنگ ہی ہوگی۔ تمہاری اس بارے میں کیا رائے ہے؟”
اس نے قدرے توقف کے بعد کہا:
"میں آرٹ فارم سے زیادہ اس حقیقت پر دھیان دے رہا ہوں کہ آرٹ کے خریدار، یعنی کلیکٹرز، اس کام کو کس زاویے سے قبول کرتے ہیں۔”
میں نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا:
"یہی تو بات ہے۔ تخلیقی نظر کم اور کاروباری سوچ زیادہ محسوس ہوتی ہے۔”
وہ مسکراتے ہوئے بولا:
"آرٹ گیلری کاروباری ذہن کے سوا کچھ نہیں۔ یہ ایک تجارتی ماڈل ہے، صدیوں سے یہی دستور چلا آ رہا ہے، جہاں گیلری آرٹسٹ اور خریدار کے درمیان ایک پُل کا فریضہ انجام دیتی ہے اور دونوں کو کمرشل مارکیٹ کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔”
میں نے اثبات میں سر ہلاتے ہوئے کہا:
"تمہاری بات میں وزن ہے۔”
کچھ دیر گزری تو میری ملاقات خود ایما ویبسٹر سے ہوگئی۔
میں نے ان کی طرف بڑھتے ہوئے کہا:
"ایک کامیاب آرٹ شو منعقد کرنے پر دلی مبارکباد۔ آپ کا کام واقعی بے مثال ہے۔”
انہوں نے شکریہ ادا کیا اور ہم چند لمحے ان کے تخلیقی سفر اور نمائش کے حوالے سے گفتگو کرتے رہے۔
اسی اثنا میں میری نظریں آرٹ کلیکٹرز پر بھی جمی ہوئی تھیں۔
میں نے دیکھا کہ ایما کا کام ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو رہا تھا۔ فن پاروں کی قیمتیں تقریباً نوے ہزار ڈالر سے لے کر ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک تھیں شاید۔
گیلری کے ایک گوشے میں کچھ سرمایہ کار گیلری کے مینیجر سے انتہائی انہماک اور سنجیدگی سے محوِ گفتگو تھے۔
"دیکھو، اصل آرٹ مارکیٹ کا لین دین تو اس کمرے کے اندر ہو رہا ہے۔”
پھر وہ خود ہی تبصرہ کرتے ہوئے بولا:
"ہاں…اصل کہانی تو اب اسی پس منظر میں پروان چڑھ رہی ہے۔”
ہماری گفتگو جاری تھی کہ اچانک گیلری کی سی ای او اندریا ٹیشکے (Andrea Teschke) ہمارے قریب آئیں اور خندہ پیشانی سے بولیں:
"کیسے ہیں آپ؟ یقیناً آپ نمائش سے لطف اندوز ہو رہے ہیں؟”
میں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
"شکریہ، جی ہاں، بہت زیادہ۔ ایما ویبسٹر کا بصری زاویہ انتہائی دلچسپ ہے۔ رنگوں کے آہنگ اور فارم پر ان کی گرفت قابلِ توجہ ہے۔”
اس کے بعد ہماری گفتگو آہستہ آہستہ آرٹ کے جدید رجحانات، اس کی تاریخ اور کلیکٹرز کی ترجیحات کی طرف مڑ گئی۔
میں نے دریافت کیا:
"آپ کے نزدیک آج کے دور میں کوئی کلیکٹر کسی آرٹسٹ میں سب سے زیادہ کس چیز کا متلاشی ہوتا ہے؟ اس کی تخلیق، اس کا منفرد اسلوب یا پھر اس کی شہرت؟”
اندریا نے چند لمحوں کے لیے سوچا اور پھر گویا ہوئیں:
"یہ دونوں کا امتزاج ہے۔ کام کا وزن اپنی جگہ، لیکن آرٹسٹ کا مقام، اس کی پچھلی فروخت کا ریکارڈ (Sales History) اور اس کا حلقۂ احباب بھی اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے۔”
میں نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے پوچھا:
"کسی آرٹسٹ کے کام میں وہ کون سا جوہر ہے جو اس کے فن کو تکنیک، اعلیٰ معیار اور نقادوں کی نظر میں لازوال اہمیت بخشتا ہے؟”
اندریا ٹیشکے نے مدلل جواب دیا:
"ایک عظیم فنکار کی سب سے بڑی پہچان اس کا دستخطی اسلوب (Signature Style) ہوتا ہے۔ اس کے کام میں مسلسل اس کی انفرادیت کا احساس اجاگر ہونا چاہیے۔ مثال کے طور پر، پیکاسو کا کوئی بھی فن پارہ دیکھ کر آپ فوراً جان جاتے ہیں کہ یہ اسی کی تخلیق ہے۔ یہ کبھی بھی ونسنٹ وان گوگ یا ہنری ماتیس کا کام نہیں لگ سکتا۔ یہی منفرد شناخت آرٹ کلیکٹر کی طلب سے لے کر آرٹ انسٹی ٹیوشنز میں انتخاب تک کی پوری داستان کا محور بنتی ہے۔”
یہ جملے شُتاو کی آنکھوں میں ایک ایسی گہری اداسی اور کیفیت چھوڑ گئے جسے شاید وہ الفاظ میں ڈھالنے سے قاصر تھا۔
ہم چلتے ہوئے گیلری سے باہر سڑک پر نکل آئے۔
باہر کی کھلی فضا میں آنے کے بعد شُتاو کچھ دیر ساکت اور خاموش رہا۔ پھر اچانک بول اٹھا:
"تاشفین، میں پچیس برسوں سے نیویارک کی اس نگری میں زندگی کے دن گزار رہا ہوں۔ آرٹ پر کتابیں رقم کر چکا ہوں۔ چین میں میری ان گنت نمائشیں ہو چکی ہیں، مگر امریکہ کی اس سنگدل آرٹ مارکیٹ میں اب تک وہ مقام حاصل نہیں کر سکا جس کی میں نے آس لگائی تھی۔”
وہ چند پل کے لیے رکا اور پھر مضمحل لہجے میں بولا:
"ہر نمائش میں میری شرکت یقینی ہوتی ہے۔ لوگ مجھے جانتے ہیں۔ میرے آرٹ کے معیار سے بھی بخوبی آشنا ہیں اور میں محنت، ریاضت بھی کر رہا ہوں…تو پھر آخر مجھے وہ بڑا شو کیوں نہیں ملتا؟”
میں نے دھیمی آواز میں کہا:
"کیا تمہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید آرٹ کے بااثر حلقے پہلے ہی طے کر بیٹھے ہوتے ہیں کہ سسٹم کے اندر کون قدم رکھے گا اور کس کو باہر رکھا جائے گا؟”
وہ کچھ نہ کہہ سکا۔
میں نے اپنی بات جاری رکھی:
تمہیں یاد ہے،2024نیویارک کیSotheby’sکی نیلامی جہاں اطالوی آرٹسٹ موریسیو کٹیلان کا تازہ کیلا اور duct tape installation،Banana، 6.24 ملین ڈالر کی کامیاب بولی لگا کر جسٹن سن نے حاصل کیا گیا تھا، اور بعد میں جسٹن سن (Justin Sun) نے ہانگ کانگ کی ایک تقریب میں کیلے کی طرف دیکھا اور پھر اسے دیوار سے اتار کر کھا لیا تھا۔
اس واقعے پر ایک سوال ضرور اٹھا:
"آخر چھ ملین ڈالر کا فن پارہ کھایا کیسے جا سکتا ہے؟”
مگر حقیقت یہ تھی کہ اصل میں خریدا گیا فن پارہ صرف کیلا نہیں تھا۔ آرٹسٹ موریسیو کٹیلان کےComedianنامی اس فن پارے کی اصل ملکیت ایک Certificate of Authenticity تھی۔ اس پر ہدایات درج تھیں کہ اگر کیلا خراب ہو جائے تو نیا کیلا لگایا جا سکتا ہے۔
انتہائی حیران کن تو یہ تھا کہ پھر خریدا کیا گیا تھا؟
شاید ایک کیلا نہیں، ایک خیال۔
اور یہی اس واقعے کا سب سے بڑا سوال ہے:
"جب ایک عام کیلا کروڑوں کا ہو سکتا ہے، تو اس فنکار کی قیمت کیا ہے جو اپنی زندگی، اپنی تنہائی اور اپنے خواب ایک شاہکار میں دفن کر دیتا ہے؟”
جسٹن سن نے کیلا کھا لیا۔ مگر ذہن میں بہت سے سوال باقی چھوڑ گیا۔
کیا آج کے آرٹ کی قیمت اس کے معنی میں ہے، یا اس شور میں جو اس کے گرد پیدا کیا جا سکتا ہے؟
جواب تو پتا نہیں، پر شاید آرٹ کی دنیا کے اندر کچھ ایسے دروازے ہوتے ہیں جن کی کنجیاں محض فن سے نہیں کھلتیں۔ وہاں مسلسل جدوجہد، کام میں مہارت، درست وقت پر درست جگہ موجودگی اور، کبھی کبھی، قسمت بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

وہ خاموش رہا۔
پھر اس نے مجھ سے کہا:
"مگر میرا آرٹ؟”
اس کے ہونٹوں پر ایک مسکراہٹ آئی، لیکن وہ ایسی مسکراہٹ تھی جو کرب میں ڈوبی ہوئی تھی۔
"آرٹ؟ وہ تو میں پچیس برسوں سے مسلسل تخلیق کر رہا ہوں۔”
ہم کچھ دیر ساتھ چلتے رہے۔ پھر دھیرے سے بولا:
"مسئلہ یہ نہیں کہ میں تخلیقی صلاحیت سے عاری ہوں۔ اصل دکھ شاید یہ ہے کہ میں ان کے قائم کردہ معیار کے مطابق’موضوعِ انتخاب’نہیں ہوں۔”
ہم دونوں کافی دیر سڑک کے کنارے گم صم کھڑے رہے۔
سامنے ٹریفک اپنی پوری روانی کے ساتھ جاری تھی۔ گاڑیوں کا شور، لوگوں کے قدموں کی چاپ، چکاچوند—سب کچھ تھا۔ مگر کسی کے چہرے پر سکون نہیں تھا۔
میں نے پلٹ کر آرٹ گیلری کے شفاف شیشے والے دروازے کی طرف دیکھا۔
اسی لمحے میں نے اپنے آپ سے ایک عہد کیا:
"میں ایک روز نیویارک کی اس آرٹ دنیا میں اپنا مقام ضرور بناؤں گا۔ یہ دنیا بہت جلد ایک اور آرٹسٹ سے روبرو ہونے والی ہے۔”
شاید یہاں ہر آرٹسٹ کے لیے سب سے بڑا سوال یہ نہیں کہ وہ کتنا عمدہ فن پارہ تخلیق کرتا ہے۔
اصل امتحان تو یہ ہے کہ اپنی پہچان، اپنے کام کو اس بے قدری کی فضا میں وہ کتنا ثابت قدم رکھتا ہے، اور مسلسل دستک دینے کی کتنی سکت رکھتا ہے، جہاں اس کے فن کو پرکھا، سمجھا اور شرفِ قبولیت بخشا جاتا ہے۔
اور شاید یہی آرٹ دنیا کی سب سے تلخ، لیکن حقیقت ہے۔
