یمن میں حوثیوں کا حملہ ناکام، سعودی عرب کی فضائی کارروائیاں تیز
باب المندب کے قریب جھڑپیں، سعودی ایئرپورٹ پر پروازیں معمول پر، ٹرمپ نے حملوں پر ناراضی ظاہر کر دی
یمن کی سرکاری افواج نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنوب مغربی یمن میں آبنائے باب المندب کے قریب، ذُباب ایئرپورٹ کے شمال میں حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔
جنات بریگیڈز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ کارروائی کے دوران حوثیوں کو افرادی قوت اور فوجی سازوسامان کے حوالے سے بھاری نقصان بھی پہنچایا گیا۔ تاہم بیان میں اس نقصان کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بیان کے مطابق حوثیوں کے حملے کو پسپا کرنے کے ساتھ ہی سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے حوثیوں کی کمک کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے۔ حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر اس بیان پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
جمعے کی شب یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت کے اتحاد نے حوثی فورسز کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اتحاد کے مطابق حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں136فوجی اہداف تباہ کیے گئے۔
امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ کارروائی کا ہدف حوثی جنگجو اور ان کی فوجی صلاحیتیں ہیں۔ اتحاد کے مطابق جاری فوجی مہم کے دوران یمن کی سرکاری افواج کو چوبیس گھنٹے فضائی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
المالکی نے بتایا کہ اتحادی افواج حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور تباہ کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کی سرکاری افواج نے ’’آپریشن ڈان آف یمن‘‘ کے تحت اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
حوثی حملوں کے بعد ریاض ایئرپورٹ پر معمول کی سرگرمیاں بحال
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق یمن کے حوثیوں کے دو حملوں میں تین سعودی شہریوں کی ہلاکت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعے کے روز مسافروں کی آمدورفت اور فضائی سرگرمیاں معمول پر آ گئیں۔
سرکاری ٹی وی الاخباریہ نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمدورفت ’’بلا رکاوٹ جاری ہے‘‘، آپریشنل خدمات بحال ہو چکی ہیں اور فضائی ٹریفک بھی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔
متعلقہ خبر:پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پیش رفت کر رہے ہیں
نشریاتی ادارے کے مطابق پروازوں کی تیزی سے بحالی ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری اور غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے شہری ہوا بازی کے نظام کی لچک کی عکاسی کرتی ہے۔ ادارے نے کہا کہ ان اقدامات میں مسافروں اور عملے کی حفاظت کو ترجیح دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا اس ہفتے کا پہلا واقعہ نہیں تھا۔ منگل سے ملک کے شہری ایئرپورٹس حوثیوں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
سعودی ایئرپورٹس پر حوثی حملوں سے ٹرمپ ناخوش
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے دو ایئرپورٹس پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں تین افراد ہلاک اور36دیگر زخمی ہوئے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں نے جب ان حملوں کے بارے میں سوال کیا تو ٹرمپ نے کہا: ’’یہ اچھی بات نہیں ہے۔ یہ کوئی اچھا عمل نہیں۔ میں اس پر خوش نہیں ہوں۔‘‘
ٹرمپ کا یہ بیان حوثیوں کی جانب سے سرحد پار حملوں کی ایک نئی لہر کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایئرپورٹ پر دو حملوں میں تین افراد ہلاک
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق جمعرات کو ہونے والے دو حملوں میں تین سعودی شہری ہلاک اور متعدد دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ان حملوں میں ایئرپورٹ کی تنصیبات اور سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
اتھارٹی کے مطابق ایک حملہ ایئرپورٹ کی تنصیبات پر کیا گیا، جبکہ دوسرا سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے پر ہوا۔ ان واقعات میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد سعودی شہری اور رہائشی زخمی ہوئے۔
زخمیوں کی حالت معمولی سے لے کر سنگین نوعیت تک بتائی گئی ہے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حملوں کے نتیجے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا، تاہم اس کی تفصیلات یا نقصان کی مجموعی مالیت نہیں بتائی گئی۔
یمن میں حوثیوں اور سرکاری افواج کے درمیان بڑھتی ہوئی جھڑپیں، سعودی عرب پر سرحد پار حملے اور اتحادی فضائی کارروائیاں خطے کی سکیورٹی صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔
