عملے کو9/11کو ’’دہشت گردانہ حملہ‘‘ نہ کہنے کی ہدایت دینے والےCBCمیمو پر شدید تنقید
ٹورنٹو: CBC نیوز کو ایک لیک شدہ اندرونی میمو کے بعد عوامی اور سیاسی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جس میں عملے کو ہدایت دی گئی تھی کہ11ستمبر2001کے حملوں کو ’’دہشت گردانہ حملے‘‘ نہ کہا جائے۔ اس میمو نے سیاست دانوں، تجزیہ کاروں اور اس ہدایت کے پیچھے موجود عہدیدار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی ایک پٹیشن کی جانب سے بھی تنقید کو جنم دیا ہے۔
یہ میمو، جس پر مبینہ طور پر ’’BB‘‘ کے دستخط ہیں اور جسے باسم بوشرہ سے منسوب کیا جاتا ہے،9/11حملوں کی25ویں برسی سے قبلCBCنیوز کے عملے میں تقسیم کیا گیا۔ میمو میں رپورٹرز اور ایڈیٹرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ9/11کے واقعات کو ’’دہشت گردانہ حملے‘‘ کے طور پر بیان کرنے کے بجائے اسے ہائی جیکنگز کے ایک سلسلے کے طور پر بیان کریں، جن کے نتیجے میں نیویارک، واشنگٹن ڈی سی اور پنسلوانیا میں مسافر طیارے گر کر تباہ ہوئے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر تباہ ہو گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس میمو کی خبر سب سے پہلے ٹورنٹو سن کے کالم نگار وارن کنسیلا نے شائع کی۔
سی بی سی نے اس میمو کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ9/11کے واقعات کو نئے سرے سے بیان کرنے کی ہدایت نہیں بلکہ ادارے کی دیرینہ ادارتی پالیسی کے مطابق ایک رہنما اصول کی یاد دہانی تھی۔
سی بی سی کی ترجمان کیری کیلی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ صحافیوں کو یہ کہنے کی ہدایت دی گئی تھی کہ9/11دہشت گردانہ فعل نہیں تھا۔ ان کے مطابق میمو میں زبان کے استعمال سے متعلق ادارتی رہنما اصولوں کی معمول کی یاد دہانی کرائی گئی تھی، جن کے تحت ’’دہشت گرد‘‘ اور ’’دہشت گردی‘‘ جیسے الفاظ کو معتبر ذرائع کے حوالے کے ساتھ استعمال کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔
کیلی کے مطابق ایسا طریقۂ کار صرفCBCتک محدود نہیں بلکہ بی بی سی، سی این این، نیویارک ٹائمز اور ٹائم سمیت کئی بڑے میڈیا اداروں میں بھی حوالہ جاتی زبان استعمال کرنے کی روایت موجود ہے، خصوصاً ایسے تاریخی یا سیاسی تنازعات کے حوالے سے جن کی اصطلاحات پر اختلاف پایا جاتا ہو۔
سیاسی اور عوامی ردعمل
میمو پر وفاقی سیاست دانوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی ہے۔ کنزرویٹو رکنِ پارلیمنٹ ریچل تھامس نے اس ہدایت کو ’’انتہائی شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہCBCدہشت گردی کی تعریف کو اس انداز میں بدل رہا ہے جس سے9/11کی سنگینی کم دکھائی دیتی ہے۔ ان کے مطابق تاریخ کو اس انداز میں پیش کرنا متاثرین، زندہ بچ جانے والوں اور امدادی کارکنوں کی توہین کے مترادف ہے۔
نیویارک سٹی کونسل کی رکن وکی پالاڈینو نے بھی مبینہ ہدایت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرزِ بیان سے9/11کے متاثرین کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھیCBCکے خلاف ردعمل زیادہ تر منفی رہا ہے۔ متعدد صارفین نے ادارے کی سرکاری فنڈنگ ختم کرنے یا مبینہ طور پر میمو سے منسلک عہدیدار باسم بوشرہ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ تاہم بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں بوشرہ کے ذاتی یا پسِ منظر سے متعلق ایسے تبصرے بھی سامنے آئے جنہیں ناقدین نے اشتعال انگیز اور غیر ضروری قرار دیا۔
CBC کے موقف کے حامیوں کی وضاحت
دوسری جانبCBCکے موقف کی حمایت کرنے والوں، جن میں بعض میڈیا تجزیہ کار بھی شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ صحافت میں ’’حوالہ جاتی زبان‘‘ اختیار کرنا ایک وسیع پیمانے پر رائج ادارتی روایت ہے۔ ان کے مطابق کسی اصطلاح کو معتبر ذرائع سے منسوب کرنا تاریخی حقیقت کے انکار کے مترادف نہیں، بلکہ یہ صحافتی اندازِ بیان اور ادارتی غیر جانب داری برقرار رکھنے کا ایک طریقہ ہے۔
ان تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ تنازع میں ایک اسٹائل گائیڈ یا ادارتی رہنما اصول کی یاد دہانی کو9/11کے تاریخی واقعے سے متعلق حقیقت کے انکار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جس سے اصل ادارتی بحث مزید متنازع ہو گئی ہے۔

