دبئی — دبئی کے سرکاری میڈیا آفس نے شہر میں مبینہ دھماکوں سے متعلق مغربی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹی، غیر مصدقہ اور افواہوں پر مبنی قرار دیا ہے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں دبئی میڈیا آفس نے کہا کہ روئٹرز کی جانب سے دبئی شہر کے اندر دھماکوں کی خبر حقیقت پر مبنی نہیں ہے اور اس کی کسی بھی سرکاری ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ عوام اور میڈیا غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر انحصار کریں۔
روئٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان
بعد ازاں دبئی کے سرکاری میڈیا آفس نے ایک اور بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی خبر نشر کرنے پر متعلقہ میڈیا ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بیان کے مطابق دبئی سے متعلق غیر مصدقہ اور گمراہ کن اطلاعات کی اشاعت مقامی اور وفاقی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، جس پر متعلقہ ادارے کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
غیر مصدقہ خبروں سے نقصان کا خدشہ
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ دبئی دنیا کے اہم تجارتی، مالیاتی اور سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے، اس لیے شہر سے متعلق غیر ذمہ دارانہ یا غیر مصدقہ خبریں نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا کر سکتی ہیں بلکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
دبئی میڈیا آفس نے زور دیا کہ درست اور مستند معلومات کی فراہمی میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے اور افواہوں یا غیر تصدیق شدہ خبروں کی اشاعت سے گریز کیا جانا چاہیے۔

