امریکی محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر دنیا بھر میں موجود امریکی شہریوں کے لیے عالمی احتیاطی انتباہ(ورلڈ وائیڈ کاشن)جاری کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔20جولائی2026کو جاری ہونے والے سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سلامتی کی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت غیر متوقع طور پر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں، سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی جانب سے جاری ہونے والے سیکیورٹی الرٹس پر نظر رکھیں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور خبروں کے ذریعے تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی عارضی بندش اور دیگر سفری رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی حکومت نے مشرق وسطیٰ سے باہر موجود اپنے شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ خطے میں یا اس کے راستے سفر کرنے کے فیصلے پر ازسرِنو غور کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں مشرق وسطیٰ سمیت مختلف علاقوں میں امریکی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جبکہ ایران اور ایران کے حمایت یافتہ گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات، امریکی شہریوں یا امریکہ سے وابستہ مقامات کو بھی ممکنہ طور پر نشانہ بنا سکتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو تازہ ترین سیکیورٹی اطلاعات حاصل کرنے کے لیے”اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام(STEP)”میں رجسٹریشن کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی واٹس ایپ پر "U.S. Department of State – Security Updates for U.S. Citizens” چینل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر**@TravelGov**کو فالو کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سفر کی منصوبہ بندی سے قبل متعلقہ ملک کی ٹریول ایڈوائزری، سیکیورٹی ہدایات اور تازہ الرٹس کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔

