سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو خطے میں جاری صورتحال کے تناظر میں قطر، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ کی جانب سے اہم ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں، جن میں علاقائی کشیدگی، سفارتی رابطوں اور امن و استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان سے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن، اردن کے نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ و سمندر پار اردنیوں کے امور کے وزیر ایمن الصفدی، اور مصر کے وزیر خارجہ، بین الاقوامی تعاون و بیرون ملک مقیم مصریوں کے امور کے وزیر ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے۔
گفتگو کے دوران خطے کی تازہ ترین سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ باہمی مشاورت اور رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی پر قابو پانے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید تقویت دینا ضروری ہے، تاکہ مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ ملے۔

